اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح برقرار رہی تاہم پیاز،چینی،انڈے،آٹا،چاول اور دالوں سمیت 24 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی سالانہ شرح تیس اعشاریہ چھ چھ فیصد پر برقرار رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں 24 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 کے نرخوں میں کمی آئی۔ اس دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں برقرار رہیں۔رپورٹ کے مطابق پیاز، چاول، انڈے، چینی، نمک، ماچس،کیلے، ایل پی جی مہنگی جبکہ ٹماٹر،مرغی،آلو،دال مسور،دال چنا،کوکنگ آئل اور گھی سستا ہوا۔ ملک کے مختلف شہروں میں چینی سو روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی۔ بیس کلو آٹے کا تھیلا تیرہ روپے مہنگا ہوا اور اوسط قیمت پندرہ سو چوبیس روپے رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 26 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 61 روپے تک اضافہ ہوا، انڈے فی درجن 6 روپے تک مہنگے ہوئے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 9 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 13 روپے تک مہنگا ہوا ہے، اسی طرح دال مونگ، چاول، نمک، دال ماش، جلانے کی لکڑی، چائے اور دہی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔