• تمام صحافیوں کیلئے اپنی چھت کاخواب پورا ہوگا، لاہور پریس کلب کے ملازمین کو 5،5مرلے کے پلاٹس دئیے جائینگے: پرویز الٰہی
  • پریس کلب کی ممبرشپ نہ رکھنے والے بیمار و معذور صحافیوں اور وفات پا جانے والے صحافیوں کی فیملیز کیلئے بھی پلاٹس مختص کئے جائیں گے
  • بی بلاک کے متاثرین کامسئلہ جلد ازجلد حل کیاجائے گا، قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں
  • چودھری پرویزالٰہی نے فیزIIکیلئے اراضی 500کنال سے بڑھا کر 700کنال کرکے صحافی برادری کے دل جیت لئے ہیں:رانا عظیم
  • چودھر ی پرویز الٰہی کے صحافیوں کی فلاح کیلئے تاریخ ساز اقدامات کبھی نہیں بھول سکتے،اپنی چھت کا خواب پورا کیاہے:اعظم چودھری

لاہور (ویب نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں صدر لاہورپریس کلب اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے صحافیوں کیلئے بڑے تحفہ کا اعلان کرتے ہوئے لاہو رمیں صحافی کالونی فیزII کے لئے زمین الاٹ کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کے لئے 700کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ روڈا ایریا میں صحافی کالونی فیز II بنایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں 500کنال اراضی پر صحافی کالونی فیزII کااعلان کیا تھاتاہم اراضی کم ہونے کے باعث اب فیزIIکے لئے روڈا ایریا میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ700کنال اراضی پر صحافی کالونی فیزII میں تمام صحافیوں کے لئے اپنی چھت کاخواب پورا ہوگا۔ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5،5مرلے کے پلاٹس دئیے جائیں گے۔پریس کلب کی ممبرشپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز IIمیں 5،5مرلے کے پلاٹس دیں گے جبکہ وفات پا جانے والے صحافیوں کی فیملیز کیلئے بھی فیزIIمیں پلاٹس مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی بلاک کے متاثرین کامسئلہ جلد ازجلد حل کیاجائے گا۔بی بلاک کے متاثرین کو ان کاحق لوٹائیں گے۔صحافی کالونی ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے صحافی کالونی فیزIIکے لئے 700کنال اراضی کی منظوری پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاشکریہ ادا کیا۔ رانا محمد عظیم نے کہا کہ آپ کایہ اقدام صحافی ہمیشہ پہلے کی طرح یاد رکھیں گے۔چودھری پرویزالٰہی نے فیزIIکے لئے اراضی 500کنال سے بڑھا کر 700کنال کرکے صحافی برادری کے دل جیت لئے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کے اس فیصلے سے تمام صحافیوں کے لئے اپنی چھت کاخواب حقیقت میں بدلے گا۔ اعظم چودھری نے کہا کہ چودھر ی پرویز الٰہی کے صحافیوں کی فلاح کے لئے تاریخ ساز اقدامات کبھی نہیں بھول سکتے۔ چودھری پرویزالٰہی پوری صحافی برادری کے محسن ہیں۔ صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب آپ نے پورا کیاہے۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ظفر نصر اللہ، ڈی جی ایل ڈی اے عامر خان، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری او رڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر بھی اس موقع پر موجود تھے