جانوروں کے معاشرے میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے

پاکستان کو مثالی اسلامی ریاست بنانا چاہتا ہوں، ہم نے نوجوانوں سے امید لگائی ہوئی ہے،بذریعہ ویڈیو لنک طلبا ء سے خطاب

لاہور (ویب نیوز)

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم ہر ایک سے پیسے مانگ رہا ہے کیونکہ انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، ڈالرز نے ان کو غلام بنا دیا ہے، ہمارے اوپر بیٹھے غلام ڈرتے ہیں۔ لاہور میں بذریعہ ویڈیو لنک طلباء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو مثالی اسلامی ریاست بنانا چاہتا ہوں، ہم نے نوجوانوں سے امید لگائی ہوئی ہے، نوجوان ملک کو اس سطح پر لے جائیں گے جہاں جانا چاہیے تھا۔ عمران خان نے کہا کہ دنیا تب عزت کرے گی جب پاکستانی خود اپنی عزت کریں گے، وزیراعظم کہتا ہے کہ میں مانگنے نہیں آیا مجبورہوں، اپنا پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں اور دوسروں سے مدد مانگ رہے ہیں، چوروں کی کوئی عزت نہیں ہوتی لیکن یہ ساری قوم کی عزت ختم کردیتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ خوف ایسی چیز ہے جو انسان کو مقصد تک پہنچنے سے روکتی ہے، خوف کی وجہ سے انسان اپنا خواب چھوڑ دیتا ہے، برا وقت آپ کا امتحان لیتا ہے، برے وقت میں آپ اپنی غلطیاں کی نشاندہی کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں آج تک کسی کے آگے نہیں جھکا، آزاد انسان ہوں، کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، چاہتا ہوں میری قوم بھی اپنے آپ کو آزاد کر لے۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی غلطیوں کا خود جائزہ لینا چاہیے، کوئی بھی انسان اچانک اوپر نہیں جاتا، جب انسان ہار مان لے تب ہار جاتا ہے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد ذہن آزاد فیصلے کرتے ہیں، آزاد ذہنوں کی پرواز اونچی ہوتی ہے، غلام ذہن کبھی اونچے نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ کسی اور جنگ میں شریک ہو کر اپنے 80 ہزار لوگوں کی قربانی دی گئی، چوروں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں، اربوں کے گھروں میں رہ رہے ہیں اور باہر جا کر ملک کے لیے پیسہ مانگتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جو ملک آزاد ہوئے ہیں انہوں نے قربانیاں دی ہیں، تباہی کا راستہ آسان لگتا ہے، محنت کریں گے نہیں ، ملک چلانے کے لیے امداد لے لیں گے، یہ تباہی کا راستہ ہے۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکلوں سے نکل کر قوم بنتی ہے، ہمیں وہ پاکستان بنانا ہے جو اپنے پیر پر کھڑا ہو، آزادی اور خوش حالی ایک چیز پر منحصر ہے جو انصاف ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جانوروں کے معاشرے میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، جنگل کے قانون میں طاقت ور کمزور پر ظلم کرتا ہے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے۔عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ جتنا معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، وہ اتنا اوپر جاتا ہے، سندھ میں کسانوں پر جیسا ظلم ہوتا ہے دنیا میں کہیں ایسا ظلم نہیں دیکھا، وہاں ایسی غربت ہے کہ دنیا میں کہیں نہیں دیکھی۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انصاف قائم کرنے کے بعد ہی خوش حالی آتی ہے، جو معاشرے خوش حال ہیں سب سے زیادہ انصاف وہیں ہوتا ہے۔