گولے سرحد کے ساتھ موسی کلی میں شہری بستی پر گرے جس میں دو خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوئے

چمن (ویب نیوز)

افغان فورسز نے ایک بار پھر چمن میں شہری آبادی کونشانہ بنانا شروع کردیا، پاکستان کی مسلح افواج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ۔ لیویز حکام کے مطابق چمن میں افغانستان کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی پرمارٹر گولے فائر کیے گئے جبکہ کئی گھروں پرگولیاں بھی گری ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق سرحد پار سے جارحیت کے ایک اور واقعے میں افغان فورسز نے چمن بارڈر پر پاکستان پر مارٹر گولے داغے، 6 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ لیویز حکام نے بتایا کہ گولے سرحد کے ساتھ موسی کلی میں شہری بستی پر گرے جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے۔ لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر(ڈی ایچ کیو)اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ہے۔