• امریکا میں تاریخ کا بدترین برفانی طوفان، مختلف حادثات میں9افراد ہلاک
  • ریاست اوہائیو میں4، کینٹکی میں3،میسزوری اور کنساس میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا
  • امریکا بھر میں 22 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ ساڑھے 5 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں
  • 13 لاکھ افراد بجلی سے محروم، مغربی اور شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی

واشنگٹن / ٹورنٹو (ویب نیوز)

امریکا میں تاریخ کے بدترین اور شدید برفانی طوفان کے سبب مختلف حادثات میں 9افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاست اوہائیو میں4، کینٹکی میں3،میسزوری اور کنساس میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برفانی طوفان کے سبب تقریبا 13 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں اور مغربی اور شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔علاوہ ازیں امریکا بھر میں 22 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ ساڑھے 5 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔زیادہ تر پروازیں سیئیٹل، شکاگو، نیویارک، ڈین ور میں منسوخ کی گئیں جبکہ برفانی طوفان کے سبب جارجیا، نارتھ کیرولائنا، کینٹکی اور نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق نیویارک کا بفیلو ایئر پورٹ مکمل بند کردیا گیا ہے جبکہ سیکڑوں شاہراہوں پر بھی سفر کی اجازت نہیں دی جارہی۔امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ بہت سی مشرقی ریاستوں میں دہائیوں بعد سرد ترین کرسمس ہوگی ۔ مقامی میڈیا کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں 1989 کے بعد اور نیویارک میں 1906کے بعد سرد ترین کرسمس ایوننگ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 

  • کینیڈا ، برفانی طوفان،100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں
  • پولیس نے ڈرائیوروں کو سڑکوں سے دور رہنے کی وارننگ جاری کر دی

کینیڈا کی ریاست اونٹاریو میں برفانی طوفان کے باعث 100سے زائدگاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق کینیڈا میں کئی شہروں کو برف کے طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اونٹاریو میں شدید برفباری کے باعث 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔حادثہ لندن اور ٹلبری کے درمیان ہائی وے پر پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیوروں کو سڑکوں سے دور رہنے کی وارننگ جاری کر دی۔امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان نے تقریبا14 کروڑ افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ تقریبا ً15 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔کرسمس کی چھٹیوں میں شہریوں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔