بیشتر علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری،پیرچناسی میں پھنسنے والے 235 سیاح ریسکیو

کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیاحتی مقام پر ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے

اسکردو میں درجہ حرارت منفی10 ،استور منفی 09،ہنزہ منفی 06،گلگت منفی 05  اور بگروٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

مظفر آباد/ اسلام آباد/ مری( ویب  نیوز)

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد مری، آزاد کشمیر، اور خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات پر پہنچی،  آزاد کشمیر کے علاقے پیر چناسی میں برفباری کے دوران پھنسنے والے 235  سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھا بارش ہوئی اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بالائی علاقوں مین موسم سرما کی پہلی برفباری ہوتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد مری، آزاد کشمیر، اور خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات پر پہنچی، جہاں سیاحوں نے موسم کو خوب انجوائے کیا تو ہیں متعدد سیاحوں کو سخت مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔  ڈپٹی کمشنر مظفر آباد نے بتایا کہ پیر چناسی کے مقام پر سیاحوں کی تیس سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں تھیں، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی کارکنان کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق  پیرچناسی میں پھنسے پچاس کے قریب سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیاحتی مقام پر ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کچھ سیاحوں کو پیدل سراں ریسٹ ہائوس اور باقیوں کو ڈنہ پہنچایا گیا جبکہ دیگر کو جلد محفوظ مقام پر پہنچا دیا جائے گا۔ مشکل کا سامنا کرنے والے سیاحوں میں کراچی سے جانے والی فیملیز بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مظفر آباد نے کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر شہریوں کیلیے واٹس ایپ نمبر جاری کیا اور کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں 03135736995 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان نے بتایا کہ پیرچناسی میں پھنسے تمام دو سو تینتیس سیاحوں کو بحفاظت سراں ٹورسٹ ریسٹ ہاوس میں پہنچا دیا گیا۔ ایس ڈی ایم اے ریسکیو ون ون ٹوٹو لی گاڑیوں سمیت مظفرآباد جیپ کلب کے رضاکاروں نے اپنی گاڑیوں پر برف میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کیا، تمام سیاحوں اب خطرے سے باہر ہیں اور اپنی رہائش گاہوں پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ایس ایس پی سیکرٹری ایس ڈی ایم اے موقع پر موجود ہیں جبکہ مقامی رہائشی آبادی نی ریسکیو آپریشن میں بھر پور مدد کی، سیاحوں کو کھانا گرمشروبات بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب مری میں برف باری تیز ہوگئی جس کے باعث وہاں موجود سیاح پرجوش ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق پہاڑی علاقے میں برفباری کی وجہ سے ریسکیو میں مشکلات کا سامنا ہے، سڑکوں پر بھی پھسلن ہے، گاڑیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گلگت بلتستان ، کشمیر اور گردو نواح میں مزیدبارش/برفباری ۔پنجاب، خیبر پختونخوا،بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ سب سے زیادہ سردی  اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی10 ڈگری سینیٹی گریڈی ریکارڈ کیا گیا۔ گوپس،استور منفی 09،ہنزہ منفی 06، کالام ، گلگت منفی 05 ،مالم جبہ منفی 04، پاراچنار، دیر اور بگروٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔