اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غیر سنجیدہ اپیل دائر کرنے، وقت اور وسائل ضائع کرنے پر یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ(یو بی ایل) پر جرمانہ عائد کر دیا،صرف 20 ہزار روپے کے متنازعہ بینک لین دین کیس میں بینک کی جانب سے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف غیر سنجیدہ درخواست دائر کرنے پر 20,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بینک اپنے صارف کو کھوئی ہوئی رقم واپس کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی ادا کرے،بینک نے اپنے وسائل اور وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ بینکنگ محتسب اور ریاست کے سربراہ کا وقت ضائع کیا۔یو بی ایل نے بینکنگ محتسب کے احکامات کے خلاف صدر مملکت کے پاس ایک کیس میں درخواست دائر کی تھی۔ صارف نے یو بی ایل کے اے ٹی ایم سے 20,000 روپے کی نقد رقم نکالنے کی کوشش کی تھی لیکن کیش نہیں نکالا گیا تھا مگر صارف کے اکانٹ سے رقم ڈیبٹ ہو گئی۔ صارف نے بینک کو شکایت درج کرائی اور تنازعات کے تصفیہ کا فارم بھی جمع کرایا لیکن اس کی شکایت کو سرسری طور پر مسترد کر دیا گیا تھا۔ صارف نے معاملہ بینکنگ محتسب کے سامنے اٹھایا، جس نے صارف کو متنازعہ رقم واپس کرنے کا حکم جاری کیا۔صدر نے بینک کی نمائندگی کو اس بنیاد پر مسترد کر دیا کہ بینک سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کی تعمیل کرنے اور اپنی قانونی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا۔صدرمملکت نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی ہدایات کے تحت بینک کے اے ٹی ایم کیبنز میں بیرونی کیمرے نصب کیے جانے تھے، شکایات سے متعلق ریکارڈ رکھنے کے لیے، بینکوں کیلئے پروڈنشل ریگولیشنز میں موجود ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے، بینک تحقیقاتی رپورٹ اور مطلوبہ معلومات محتسب کو فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے باوجود اس کے کہ بینک کو پیروی اور سماعت کے دوران موقع دیا گیا۔ صدر مملکت نے بینک کے نقطہ نظر کو بے بنیاد اور بغیر کسی ثبوت کے قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ صدر مملکت کی بینک کو ہدایت کہ شکایت کنندہ کو 20,000 روپے کی رقم ادا کرے اور 30 دن کے اندر تعمیل کی رپورٹ جمع کرائے۔