Dollar Background

فنڈنگ کے ذریعے کیمپوں یا دیگر علاقوں میں پناہ لیے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی میں بھی معاونت کی جائے گی،بریفنگ

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مزید 10 کروڑ ڈالر کی امدادکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کل فنڈنگ 200 ملین ڈالر ہو جائے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے بعد سے امریکی حکومت پاکستانی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بحالی میں معاونت، فوڈ سکیورٹی، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور استعداد میں اضافے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بحالی اور تعمیر نو کے لیے مزید 100 ملین ڈالر کا اعلان کر کے امریکا نے اپنی کل امداد کو 200 ملین ڈالر تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ 100 ملین ڈالر سیلاب سے بچا، گورننس، بیماریوں کے پھیلا کی روک تھام، معاشی ترقی و صاف توانائی، موسمی زراعت، فوڈ سکیورٹی اور انفراسٹرکچر کی تعمیرنو پر خرچ کیے جائیں گے،اس فنڈنگ کے ذریعے کیمپوں یا دیگر علاقوں میں پناہ لیے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی میں بھی معاونت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں امریکی معاونت جاری رہے گی اور مستقبل میں بھی وہاں کے عوام کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کی جائے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی جہاں بھی ترجیحات ہوں گی ان میں امریکا شراکت داری جاری رکھے گا چاہے وہ سکیورٹی، معاشی، یا سیلاب متاثرین کے لیے انسانی امداد فراہم کرنا کا معاملہ ہو۔