پی ٹی آئی کا اعتماد کے ووٹ میں غیرحاضر ارکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اعتماد کے ووٹ میں 5 ارکان غیرحاضر رہے جن میں دوست مزاری، خرم لغاری، مومنہ وحید، فیصل چیمہ اور چوہدری مسعود شامل

غیر حاضر ارکان کی نااہلی کے لئے ریفرنس بھیجا جائے گا،ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ

لاہور( ویب  نیوز)

پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اعتماد کے ووٹ کے لیے پنجاب اسمبلی میں غیرحاضر ارکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ میں 5 ارکان غیرحاضر رہے جن میں دوست مزاری، خرم لغاری، مومنہ وحید، فیصل چیمہ اور چوہدری مسعود شامل ہیں۔ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق غیر حاضر ارکان کی نااہلی کے لئے ریفرنس بھیجا جائے گا۔مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ اور آزاد امیدوار بلال وڑائچ سمیت 191 ووٹ تھے، ہمارے 5 اراکین اسمبلی غیرحاضرتھے۔ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اراکین کے ضمیر خریدنے کے ڈرامے کا  ڈراپ سین ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ راناثنااللہ کو پرویزالٰہی کی ناکامی کا یقین دلانے والوں نے ہاتھ کردیا، رانا ثنااللہ نے کہا پنجاب حکومت لیے بغیر اسلام آباد نہیں جائوں گا۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیر داخلہ کو بتاناچاہتی ہوں پنجاب حکومت کوئی خیرات میں بٹنے والی چیز نہیں۔