ابوظہبی (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ روانہ ہوگئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابو ظہبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم کو رخصت کیا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ابوظہبی کے دو روزہ دورہ کے بعد جمعہ کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگیا،اعلامیہ ںمیںپاکستان اور متحدہ عرب امارات نے کلیدی شعبوں میں ٹھوس اور بامعنی دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے، سٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت اور تعاون کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ انفارمیشن او رکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ممالک نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا جن کی جڑیں مشترکہ مذہب، ثقافت، اقدار اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے حصول میں ہیں۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اعلامیہ میں متعدد علاقائی اور عالمی امور پر خیالات کی یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے اپنے دہائیوں پرانے برادرانہ تعلقات کی بنیاد پراپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، دونوں ملکوں نے اہم شعبوں میں ٹھوس اور بامعنی دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت اور تعاون کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے، معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک کی سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 اور 13 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا،وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یو اے ای کا یہ تیسرا دورہ تھا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان سے دوطرفہ ملاقات کی، وزیراعظم کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقات میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی سیاسی اور سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے، مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مخصوص اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران خاص طور پر اس مقصد کے لیے قائم کیے گئے ایئر برج کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی فراخدلانہ مدد پرشیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں فریقوں نے انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے، معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک کی سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان کوپاکستان کے دورے کی دعوت دی جو یو اے ای کی قیادت نے قبول کر لی۔