اسلام آباد / حیدرآباد (ویب نیوز)

  • مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے سینئر افسران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کریں گے
  •  سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کراچی میں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے، ترجمان الیکشن کمیشن

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسر ا مرحلہ اتوار کو ہوگا جس کیلئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں 3 روز کے لئے مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے سینئر افسران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کراچی میں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ ترجمان کے مطابق انتخابات کے نتائج آنے تک بلا تعطل کام جاری رکھا جائے گا۔

 

 

  • حیدرآباد میں  اتوار کو  بلدیاتی انتخابات کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل
  • حیدرآباد چار زون میں تقسیم،ہر زون کا انچارج ایس ایس پی ہوگا، ایس ایس پی حیدرآباد
  • حیدرآباد میں دہشتگردی اور بم دھماکے کے حوالے سے تھریٹ کی اطلاعات ہیں تاہم یہ جنرل تھریٹ ہیں

حیدرآباد میں  اتوار کو بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق حیدرآباد میں  اتوار کو پرامن پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کیلئے حیدرآباد کو چار زون میں تشکیل دیا گیا ہے اور ہر زون کا انچارج ایس ایس پی ہوگا۔ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق حیدرآباد کے 9ٹائون میں 732 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جن میں 232 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس اور 500 کو حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے بھی لگائے جائیں گے جبکہ انتہائی حساس اسٹیشن پر 8 اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر4 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا تھا کہ شہر میں دہشتگردی اوربم دھماکے کے حوالے سے تھریٹ کی اطلاعات ہیں تاہم یہ جنرل تھریٹ ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پرامن ماحول میں پولنگ کے لیے بہتر انتظامات کیے ہیں تاہم پرامن انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔