ملک میں عام انتخابات موجودہ ووٹر لسٹوں پر ہوں گے، الیکشن کمیشن

پنجاب بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 7کروڑ23 لاکھ 10 ہزار 582 ہوگئی،دستاویزات

 ا لیکشن کمیشن ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے تحت نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست27 ستمبر بروز بدھ کو جاری کرے گا

اسلام آباد( ویب   نیوز)

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جا سکے گا، آئندہ عام انتخابات انہی ووٹر لسٹوں پر ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد وشمار جاری کر دیئے۔الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق پنجاب بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 7کروڑ23 لاکھ 10 ہزار 582 ہوگئی ۔ 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ 37 ہزار 811ووٹرز کا اضافہ ہوا ۔دستاویزات کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 87 لاکھ 20 ہزار 67 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 59لاکھ90ہزاڑ 515ہے۔ 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد میں 65لاکھ98ہزار141 کا اضافہ اور مرد ووٹرز کی تعداد میں50 لاکھ39ہزار 670 ووٹرز کا اضافہ ہوا۔پنجاب کے 41 اضلاع میں سے سب زیادہ ووٹرز کی تعداد ضلع لاہور میں 67لاکھ 24ہزار 633 ہے۔ لاہور کی کل آبادی ایک کروڑ 20 لاکھ 8ہزار387 ہے۔ لاہور میں مرد ووٹرز کی تعداد 35 لاکھ 78 ہزار725 ہے ۔ لاہور میں خواتین ووٹرز کی تعداد 31لاکھ 45ہزار 908 ہے۔صوبے میں سب کم ووٹرز ڈسٹرکٹ مری کے ہیں ، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 931 ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آئندہ عام انہی ووٹرز لسٹوں پر ہوں گے۔ ووٹر لسٹوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جا سکے گا ۔

الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست بدھ کو جاری کرے گا

 ا لیکشن کمیشن ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے تحت نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست27 ستمبر بروز بدھ کو جاری کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق پہلے یہ ابتدائی فہرستیں 10 اکتوبر کو جاری کی جانی تھیں تاہم کمیشن کی جانب سے یہ کام 15 دن پہلے مکمل کئے جانے کے احکامات کے مطابق اب حلقہ بندی کمیٹیوں کی جانب سے ابتدائی فہرستوں کے حوالے سے تفصیلات منگل کو الیکشن کمیشن کے حوالے کر دی جائیں گی جس کے بعد الیکشن کمیشن بدھ کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی تفصیلات جاری کرے گا جس کے بعد اس پر 26 اکتوبر تک اعتراضات وصول کئے جائیں گے جن کی سماعت 25 نومبر تک ہو گی جبکہ حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت 30 نومبر کی جائے گی جبکہ اس کے بعد 54 دنوں میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔۔