کراچی بلدیاتی انتخابات میں بدانتظامی، کئی گھنٹے بعد بھی انتخابی سامان پولنگ اسٹیشنز پر نہیں پہنچ سکا
نارتھ کراچی سیکٹر 9 میں خواجہ اجمیر نگری تھانے کی پولیس موبائل میں پولنگ کا سامان لے کر گھومتی رہی
عملے کی تربیت نہ ہونے سے بیلٹ پیپرز پر غلط مہر لگانے سے بیلٹ پیپر ضائع بھی ہوئے
کراچی( ویب نیوز)
کراچی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی انتخابی سامان نہیں پہنچ سکا، مختلف پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملہ اور سامان نہ ہونے سے پولنگ کا عمل متاثر ہوا ہے۔کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 9 میں خواجہ اجمیر نگری تھانے کی پولیس موبائل میں پولنگ کا سامان لے کر گھومتی رہی۔خواجہ اجمیر نگری تھانے کی موبائل پولنگ کا سامان لے کر لوگوں سے پتہ پوچھتی رہی۔ پیپری میں ایک پولنگ اسٹیشن کا سامان دوسرے پولنگ اسٹیشن پر پہنچا دیا گیا۔پیپری پولنگ اسٹیشن پر پہنچنے والے بیلٹ پیپرز پر امیدوار کا نام ہی نہیں تھا۔تحریکِ لبیک کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ کا عمل روکنا پڑا، دوسرے پولنگ اسٹیشن سے متعلقہ بیلٹ پیپرز آنے کے بعد پولنگ شروع ہوئی۔عملے کی تربیت نہ ہونے سے بیلٹ پیپرز پر غلط مہر لگانے سے بیلٹ پیپر ضائع بھی ہوئے۔