روپے کی قدر میں کمی، ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت 2لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ دو ہزار 500 روپے ہو گئی

کراچی (ویب  نیوز)

ملک بھر میں فی تولہ کی قیمت میں سات ہزار روپے اضافے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری دن سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 7 ہزار روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ ہزار دو ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔صرافہ ایسوسی ایشن کے رہنما جنید سمیع والا کے مطابق ڈالر کی قدر میں جس تیزی سے روز اضافہ ہورہا ہے اس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ان کا کہناتھا کہ اگر ڈالر کی قیمت 260 سے 265 روپے کے درمیان مستحکم ہوجاتی ہے تو امید ہے کہ سونے کی قیمتوں میں تیزی سے جاری اضافے کا یہ سلسلہ رک جائے گا اور سونے کی قیمتیں میں ٹھراو آجائے گا۔یہ پہلی دفعہ ہے کہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔گوکہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں چھ ڈالر کمی کے بعد 1936 ڈالر پر پہنچ گئی ہے لیکن ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے سبب مقامی سطح پر قیمت میں 7ہزار فی تولہ کا اضافہ ہوا۔انٹربینک مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کی قدر میں 24 روپے سے زائد اضافے کے بعد جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر مزید 7 روپے 17 پیسے اضافے سے 262 روپے 60 پیسے کا ہو گیا،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 2.73 فیصد یا 7 روپے 17 پیسے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈالر 262 روپے 60 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز یہ 255.43 پر بند ہوا تھا ۔۔