نیب ترامیم کیس: ملک کے تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے، چیف جسٹس

موجودہ پارلیمنٹ کو دانستہ طور پر نامکمل رکھا گیا ، موجودہ پارلیمنٹ سے ہونے والی قانون سازی بھی متنازع ہو رہی ،نیب ترامیم کے خلاف سماعت پر ریمارکس

سماعت آج جمعہ کو دوبارہ ہوگی

ا سلام آباد( ویب نیوز)

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے قومی احتساب بیورو(نیب) قوانین میں ترمیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس د ئیے ہیں کہ ملک میں تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل بینچ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔دورران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے عام انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملک میں تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے، موجودہ حکومت کے قیام کو 8 ماہ ہو چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے اسپیکر رولنگ کیس میں کہا تھا کہ نومبر 2022 میں عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہوں گے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کو دانستہ طور پر نامکمل رکھا گیا ہے، موجودہ پارلیمنٹ سے ہونے والی قانون سازی بھی متنازع ہو رہی ہے۔وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے نیب ترامیم پر عمران خان کے حق دعوی نہ ہونے سے متعلق دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت آرٹیکل 184 (3) پر محتاط رہے، عدالت آرٹیکل 184 (3) کے تحت کسی بھی درخواست پر قانون سازی کالعدم قرار دے گی تو معیار گر جائے گا۔وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ آرٹیکل 184 (3) کا اختیار عوامی معاملات میں ہوتا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ موجودہ کیس کے حقائق مختلف ہیں، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ نے نیب ترامیم چیلنج کی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں شدید سیاسی تنا واور بحران ہے، پاکستان تحریک انصاف نے پہلے پارلیمنٹ چھوڑنے کی حکمت عملی اپنائی، پتا نہیں چلا کہ پی ٹی آئی نے پھر سے کیوں پارلیمنٹ میں واپس آنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار عمران خان کوئی عام شہری نہیں ہیں، عمران خان کے حکومت چھوڑنے کے بعد بھی بڑی تعداد میں عوام کی پشت پناہی حاصل رہی ہے، عدالت بھی قانون سازی میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی، عدالت نے کوئی ازخود نوٹس نہیں لیا بلکہ نیب ترامیم کے خلاف درخواست آئی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس سے پہلے بھی ایک بار اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کر چکی ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایک ہی وزیر اعظم آئے تھے جو بہت دیانتدار سمجھے جاتے تھے، ایک دیانتدار وزیراعظم کی حکومت 58 (ٹو) (بی) کے تحت ختم کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 58 (ٹو) (بی) کالا قانون تھا، عدالت نے 1993 میں قرار دیا تھا کہ حکومت غلط طریقے سے گئی لیکن اب انتخابات ہی کرائے جائیں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ اب عمران خان اسمبلی میں نہیں ہیں اور نیب ترامیم جیسی قانون سازی متنازع ہو رہی ہے، اس کیس میں عمران خان کا حق دعوی ہونے یا نہ ہونے کا معاملہ نہیں بنتا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے حکومت کے وکیل کا عمران کو استحقاق حاصل نہ ہونے کا اعتراض مسترد کردیا۔مخدوم علی خان نے کہا کہ عمران کو درخواست دائر کرنے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں تھا، عدالت کو دیکھنا ہے کہ کیا بنیادی حق کے تحت مقدمات کا معیار کیا ہے، کیا کوئی بھی شخص اٹھ کر مفروضے کی بنیاد پر قانون سازی کو چیلنج کر سکتا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخوست گزار عمران خان ملک کی بہت بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، عمران خان سابق وزیر اعظم رہ چکے ہیں، سیاسی تنازعات کی وجہ سے ان کی پارٹی نے پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی نے ذہن تبدیل کیا اور وہ واپس آنا چاہتے ہیں، لیکن اس وقت وہ پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں تاہم پارلیمنٹ موجود ہے، عمران خان عوام کے بہت بڑے حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا مسئلہ پا کستان میں پہلے دن سے ہے، ماضی میں ایک انتہائی دیانتدار وزیر اعظم کی حکومت 58 (ٹو) (بی) کے تحت برطرف کی گئی، اس وقت کی عدالتوں نے برطرفی کو غلط قرار دینے کے باوجود الیکشن ہونے دیا اور حکومت بحال نہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو اس فیصلے پر بڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، پھر اسمبلی توڑنے والا کالا قانون ختم کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے نومبر 2022 میں کہا تھا کہ کسی وقت بھی الیکشن کروانے کو تیار ہیں، اب فروری 2023 ہے پارلیمینٹ کی مدت اگست تک ہے۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ اب اتنی بڑی متنازع ترمیم پر اگر یہ پارٹی پارلیمنٹ میں اعترض نہیں اٹھا سکی تو یہ ان کا استحقاق ہے کہ وہ اسے عدالت میں چیلنج کریں، قانون سازی کا جائزہ لینے میں ہم خود بھی محتاط ہیں، اس لیے ہم نے ازخود نوٹس نہیں لیا تھا، مگر یہ سماعت ایک پارٹی سربراہ کی درخواست پر کی جارہی ہے۔اس دوران حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے استدلال کیا کہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ سیاسی بازی ہارنے کے بعد کوئی شخص پارلیمان سے نکل کر عدالت آیا ہو، سیاست کو عدلیہ میں اور عدلیہ کو سیاست میں دھکیلا گیا ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ ایک شخص جو اقلیت میں ہے اور اس کے حقوق متاثر ہوں گے تو وہ عدالت کے علاوہ کہاں جائے؟ جو بھی ضروری ہے اس کا فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے۔وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ انتخابات سے قبل قانون میں وضاحت ضروری ہے، پارلیمنٹ چھوڑنے کے بعد ملک میں انتخابات کے لیے ایک ہر کسی کو زائد نشست پر انتخابات لڑنے کا حق حاصل ہے، بھارت میں ایک شخص کو ایک ہی نشست پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہے، ایک سے زیادہ نشست سے انتخابات لڑنے سے ہار یا جیت کی صورت میں عوامی پیسے کا ضیاع ہوتا ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ذولفقار بھٹو نے ایک سے زائد سیٹ سے زیادہ انتخابات لڑے تھے، بھٹو نے بلا مقابلہ نشست جیتی تو باقی انتخابات معمول کے مطابق ہوئے تھے۔وکیل مخدوم علی خان نے موقف اپنایا کہ یہ 1970 سے پہلے کا معاملہ تھا،عوام نے بھٹو کے بلا مقابلہ جیتنے کی بھاری قیمت ضیا کے 11 سالوں کی صورت میں اتاری تھی، کوئی عدالت اکیلے جمہوریت نہیں بچا سکتی، 40 سال پہلے ایک بین القوامی اخبار میں آرٹیکل لکھا گیا۔وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ آرٹیکل کے مطابق لوگ سیاستدانوں کو اپنی پہچان چاہتے ہیں نا ہی ججز سے حکومت کرانا، عدالت حکومت نا کرے۔اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ عدالت کبھی حکومت کرنا نہیں چاہتی، عدالت ازخود نوٹس کے اختیار میں محتاط رہی ہے، سیاسی خلا عوام کے لیے کٹھن ہوتا ہے، جب سیاسی بحران پیدا ہوتا ہے تو عدالت کو مداخلت کرنا پڑتی ہے، عوام کرپشن سے پاک حکومت چاہتی ہے۔وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ جب عمران خان نے حکومت چھوڑی تو ترامیم قائمہ کمیٹی میں تھیں، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد عمران خان کی ہی چھوڑی ہوئی نیب ترامیم منظور کیں۔وکیل مخدوم علی خان نے استدلال کیا کہ پی ٹی آئی دور میں سال 2021 میں پانچ نیب آرڈیننس لائے گئے، عمران خان نے صرف حکومت جانے پر نیب ترامیم چیلنج کی ہیں، کیا پتا عمران خان عدالت میں آ کر کہیں کہ انہوں نے نیب ترامیم پڑھی ہی نہیں ہیں۔اس موقع پر عدالت عظمی نے کیس کی مزید سماعت آج جمعہ دن گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔

#/S