وزیراعظم  سے  آئی ایم ایف وفد کی ملاقات معاشی صورتحال پر بات چیت ،معاہدے پر بھی تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف وفد کو اہداف پر عملدرآمد کی یقین دہانی

اسلام آباد(ویب  نیوز)

آئی ایم ایف وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر خزانہ، معاون خصوصی خزانہ، وزارت خزانہ، وزارت توانائی کے حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف وفد سے معاشی صورتحال پر بات چیت کی، اس کے علاوہ معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو پروگرام مکمل کرنے اور اہداف پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف وفد کو اعتماد بحال کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی بھی یقین دہانی کروائی، وزیرخزانہ نے وفد کو معاشی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ توانائی حکام نے وزیراعظم کو نظرثانی شدہ گیس مینجمنٹ پلان پیش کیا۔۔

وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف قرض پروگرام بحال کروانے کے قریب پہنچ گئی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ قرض پروگرام کی بحالی کی ملک کو اشد ضرورت ہے تاہم عام آدمی کو سخت معاشی اقدامات کے بوجھ سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ حکومت یہ ہدف حاصل کرنے کے بالکل قریب پہنچ چکی۔ وزیر اعظم سے کئی فیصلوں کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔وزیر مملکت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کی سخت شرائط ماننا حکومت کی مجبوری ہے۔ ہماری کوشش یہ ہونی ہے کہ عام آدمی پر پروگرام کا بوجھ کم سے کم پڑے۔بجلی ٹیرف یا ٹیکس کا زیادہ بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر ڈالیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے، لہذا آئی ایم ایف مشن وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گا ۔۔