اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی ۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے فروری کے مہینے میںمقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے پانچ کشمیریوں کو شہید کیا ان میں سے دو دوران حراست شہید ہوئے،، 115 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، پرامن مظاہرین پربھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال سات کشمیری زخمی ہوئے۔193 نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ 4000 سے زائد کشمیری رہنما، کارکن، نوجوان، طلبا اور انسانی حقوق کے محافظ بھارت کی مختلف جیلوں میں بدستور بند ہیں ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے حقوق اور آزادی کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد پر انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔