• توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل، سیشن عدالت میں 13 مارچ کو پیش ہونے کا حکم
  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ 13 مارچ تک معطل کردیے
  • اگر عمران خان 13 مارچ کو پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دینے کرنے کی کارروائی شروع ہو سکتی ہے۔عدالت کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سماعتوں سے مسلسل غیر حاضری پر توشہ خانہ ریفرنس میں مقامی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کرنے کی درخواست پر انہیں پیشی کی مہلت دیتے ہوئے 13 مارچ کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیاجبکہ عمران کے وارنٹ گرفتاری  13 مار چ تک معطل کردیے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست پر محفوظ سنایا اور عمران خان کو سیشن عدالت میں 13 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں ان کے وکلا کی جانب سے پیشی کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کی تھی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ 13 مارچ تک معطل کردیے۔لاہور ہائی کورٹ میں جب سماعت کا آغاز ہوا تو عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتاری کے وارنٹ تو نہیں تھے؟ وکیل نے بتایا کہ وارنٹ گرفتاری کے ہی تھے۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت آپ کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے بلا رہی تھی آپ فرد جرم کی کارروائی کے لیے پیش ہوجائیں اور بعد میں استثنی لیتے رہیں۔چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ قانون تو سب کے لیے برابر ہے، آپ بتائیں عدالت کیا کرے؟ عدالت نے تو قانونی طریقہ کار ہی اپنانا ہے۔جس پر عمران خان کے وکیل قیصر امام نے موقف اختیار کیا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ وارنٹ منسوخ کردیے جائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ اس کے بعد کیا ہوگا؟ آپ نے آج پیش ہونا تھا، نہیں ہوئے، اب بتائیں کب پیش ہونا ہے؟چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عمران خان نے میرے سامنے بھی پیش ہونا ہے، 9 تاریخ کو آجائیں اور وہاں بھی پیش ہو جائیں۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ میرٹ پر آپ کو اس درخواست میں کچھ نہیں ملنا، مجھے بتا دیں کہ اس پر میں کیا کر سکتا ہوں؟ مجھے تاریخ بتا دیں کہ عمران خان کس تاریخ کو پیش ہوں گے۔عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو سنگین سیکیورٹی خطرات ہیں۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں ہر روز سیکیورٹی تھریٹس کے لیٹر آ رہے ہیں، کیا ہم کام بند کر دیں؟ مجھے آئی جی نے آ کر کہا کہ تمام ججز کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے مزید کہا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ اپنے اور دیگر ججز کے لیے سیکیورٹی لے لیں، میں پبلک کو رسک میں ڈال کر خود سیکیورٹی کیسے لے لوں؟ان کا مزید کہنا تھا کہ تھریٹس ہر ایک کو ہیں مجھے ہر روز خطوط لا کر دیے جاتے ہیں، اسلام آباد کچہری میں آنے والے سائلین کو بھی تھریٹس ہیں، ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ اور کچہری کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ خود بھی اپنے لیے تھریٹس بناتے ہیں، گزشتہ ہفتے جو ہائی کورٹ میں ہوا اس کو بھی دیکھنا چاہیے، سیکیورٹی تھریٹ آپ لوگ خود مدعو کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پیشی پر بھی جو کچھ ہائی کورٹ میں ہوا وہ آپ کے سامنے ہے، جب آپ دو ہزار لوگوں کے ساتھ آئیں گے تو کیا ہوگا؟جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت والے واقعے کو یاد کریں کہ وہاں کیا ہوا تھا، وہاں ایک ہجوم تھا کیا معلوم تھا کہ کون کس نیت سے آیا ہے، جب آپ 2 ہزار لوگوں کے ساتھ آئیں گے تو بات خرابی کی طرف جائے گی۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا آپ بیان حلفی دیتے ہیں کہ آپ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں؟ آپ ابھی بھی پیش ہونے کو تیار نہیں، سسٹم کے ساتھ فیئر ہو جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائل کورٹ کے مطابق عمران خان آج بھی طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے، سسٹم کے ساتھ منصفانہ رہیں، سسٹم کا مذاق نہ بنائیں اسے فلاپ نہ کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ یا تو میں آپ کو 2 ماہ کی تاریخ دے کر ٹرائل روک دیتا ہوں؟ یہ مہلت پھر اسلام آباد کے ہر سائل کو دینا ہو گی کہ سب کو دو ماہ کی تاریخ مل جائے۔ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے روسٹرم پر آکر کہا کہ یہ سیکیورٹی کا سوال اٹھا رہے ہیں لیکن عمران خان کل الیکشن مہم کے لیے ریلی نکال رہے ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں کسی سیاسی معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف دیگر مقدمے بھی درج کر لیے گئے ہیں، عمران خان کو گھر کے اندر بند کر رکھا ہے وہ نکل ہی نہیں سکتے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ جو مقدمہ درج ہونا ہے اس پر بھی پہلے ہی ریلیف دے دیا جائے۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا کو عمران خان سے مشاورت کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کردیا۔وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکلا نے عدالت میں پیشی کے لیے 4 ہفتے کا وقت مانگ لیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ 4 ہفتے کا وقت نہیں دے سکتے، عدالت کو کہہ دیتے ہیں اشتہاری کی کارروائی شروع کردے؟چیف جسٹس نے کہا کہ 4 ہفتے میں کوئی نیا ایف 8 نہیں بن جائے گا، وہی رہے گا، وکیل قیصر امام نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جتنا بھی وقت دے سکیں دے دیں، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون کو روسٹرم پر طلب کرلیا، جہانگیر جدون نے کہا کہ عمران خان 9 مارچ کو پیش ہوجائیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں، پرسوں سویرے ایف 8 پیش ہو جائیں، 3 بجے ہائیکورٹ پیش ہو جائیں۔عمران خان کے وکلا نے کہا کہ ہمیں سکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سیکیورٹی کو سیشن کورٹ یقینی بنائے گی، ہمیں اپنی نہیں عام لوگوں کی سیکیورٹی کی فکر ہے، عام شہریوں کی زندگی میری زندگی کے برابر اہمیت کی حامل ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ شہریوں کی جان کی میرے لیے زیادہ اہمیت ہے، جان اللہ کی امانت ہے، جس دن جانی ہے، جانی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انہوں نے مناسب وقت مانگا ہے، میں دیکھ لیتا ہوں، اس کے ساتھ ہی عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری 13 مارچ تک معطل کردیے۔ عدالت نے 13 مارچ کو عمران خان کو سیشن کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر عمران خان 13 مارچ کو پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دینے کرنے کی کارروائی شروع ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ 7 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔جس کے خلاف پیر کوعمران خان نے اپنے وکلا قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری کے توسط سے سیشن عدالت میں درخواست دائر کر کے وارنٹ منسوخ کر نے کی استدعا کی تھی۔تاہم عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اس استدعا کو مسترد کردیا تھا۔  چنانچہ منگل کو سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل علی بخاری ایڈوکیٹ کے توسط سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور اسے منگل کوہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی۔درخواست میں عمران خان نے استدعا کی کہ ماتحت عدالت کی جانب سے 28 فروری کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور 6 مارچ کو اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے تا کہ وہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہو کر اپنا دفاع کرسکیں۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنانے کے بعد کے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیج دیا تھا جس میں عدم پیشی کے باعث ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔