سرگودھا (ویب نیوز)
سرگودھا یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے ادبی مقابلہ جات میں فقید المثال کامیابیاں سمیٹتے ہوئے7پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام منعقدہ آٹھویں لائل پورادبی میلے میں سرگودھا یونیورسٹی کی ٹیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرات، نعت، اردو غزل، پنجابی نظم، اردو نظم، اردو عشرہ اور بیت بازی کے مقابلوں میں امتیازی پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ نتائج کے مطابق شعبہ ابلاغیات کے قاری حسن شیر نے قرات، شعبہ اسلامیات کے مزمل انعام نے نعت، لاء کالج کے آثم سیال نے اردو غزل، شعبہ کیمسٹری کی سیدہ مہرین فاطمہ نے پنجابی نظم، لاء کالج کے اسامہ میر نے اردو نظم اور شعبہ ریاضی کے عمر احمر نے اردو عشرہ میں اوّل پوزیشنز اپنے نام کیں جبکہ مقابلہ بیت بازی میں لاء کالج کے آثم سیال اور شعبہ ریاضی کے عمر احمر نے بیت بازی میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کا نام روشن کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ طلبہ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں سرگودھا یونیورسٹی کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ایک قابل اور کامیاب طالبعلم وہی ہوتا ہے جو اپنی تعلیمی ذمہ داریوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دے۔ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کے اندر چھپی تخلیقی اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے طلباء وطالبات باصلاحیت اور تمام شعبوں میں ملک قوم کا نام روشن رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر احمد گجر، اسسٹنٹ رجسٹرار ہم نصابی فورم دائم اقبال اور کوآرڈینیٹر سید غالب شاہ بھی موجود تھے۔