سرگودھا (ویب نیوز)
طلباء وطالبات کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں مارکیٹ سے متعارف کرانے کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا منفرد اورعالیشان جاب فیئر منعقد کیا گیا۔ کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر اور پلیسمنٹ آفس کے زیر ِ اہتمام منعقدہ جاب فیئر میں بزنس، صنعت، بینکنگ اور سروس سیکٹر سمیت پبلک و پرائیویٹ سیکٹرکی 50سے زائد بڑی کمپنیوں نے سٹالز لگائے۔ ان کمپنیوں نے 4000سے زائد طلبا وطالبات کے انٹرویوز کیے اور انٹرویو میں کامیاب ہونے والے طلبا وطالبات کو مستقل، کنٹریکٹ ملازمتوں سمیت انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے۔ جاب فیئر کا افتتاح وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ ڈاکٹر قیصر عباس نے جاب فیئر کے انعقاد کو خوش آئند اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے اہم کڑی قرار دیا۔ وائس چانسلر نے مختلف کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور جاب انٹرویو کے لیے آئے طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ با صلاحیت اور جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا جاب فئیر ہے جس کا مقصد صنعتوں اور طلبہ کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کر خلا کو پُر کرنا ہے تاکہ طلبا و طالبات کو روزگار کے ممکنہ راستوں، صنعت کے پیشہ ور افراد کے ساتھ تعلقات اور جاب مارکیٹ کے بارے میں جاننے کا ایک بہترین موقع مل سکے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ مستقبل میں ایسے مزید جاب فیئر منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کے لئے روزگار حاصل کرنے کے مواقع ملیں۔ جاب فیئر میں سینئر پروفیسر ڈاکٹر غلام یاسین، پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق، ڈی ایس اے ڈاکٹر محمود الحسن اعوان، ڈائریکٹر اکڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، انچارج پلیسمنٹ آفس سلمان حسین پراچہ، ایڈمن آفیسر کئیر ڈویلپمنٹ سنٹر معصومہ زہرا، مختلف شعبہ جات کے صدور،انتظامی عہدے داران کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ طلبہ نے جاب فیئر کے انعقاد پر سرگودھا یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمپنیوں نے سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جو سرگودھا یونیورسٹی کی بڑی کامیابی ہے جبکہ اس سے طلبہ کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کیلئے پرجوش ہوئے۔