انتخابات میں کامیاب ہوا تو قتل کی سازش کرنیوالوں کا محاسبہ کرونگا: عمران خان

جوڈیشیل کمپلیکس میں پیشی کے دوران میری موت کو حادثہ قرار دینے کا منصوبہ تھا،چیرمین پی ٹی آئی کا انٹرویو و ٹویٹ

لاہور( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات میں کامیاب ہوا تو اپنے قتل کی سازش کرنیوالوں کا محاسبہ کروں گا۔عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ توشہ خانہ کیس میں وہ بری ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا حکومت کو پتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے پھر بھی میری سکیورٹی کا انتظام نہیں کیا جارہا، اگلے انتخابات میں کامیاب ہوا تو اپنے قتل کی سازش بنانے والوں کا محاسبہ کروں گا،علاوہ ازیں عمران خان کا  ایک ٹویٹ میں کہنا  تھاکہ جوڈیشیل کمپلیکس میں پیشی کے دوران میری موت کو حادثہ قرار دینے کا منصوبہ تھا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی دروازے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نامعلوم افراد کے ہمراہ اس ساری نفری کی وہاں موجودگی کا مقصد مجھے جیل میں ڈالنا نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک فرضی لڑائی کی آڑ میں راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ میری موت ایک حادثہ قرار دیا جاسکے تاہم رب العزت کو کچھ اور ہی منظور تھا جو عظیم ترین محافظ و نگہبان ہے۔