ضرورتمنوں کا خیال رکھنامتمول طبقے کی ذمہ داری،پروفیسرڈاکٹرسلیمان طاہر،شکیل احمد بھٹی
رحیم یار خان (ویب ڈیسک)
رمضان المبارک کے فیوض و برکات کو کم آمدنی والے طبقے تک پہنچانے کے لئے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس سال بھی ضلعی حکومت کے تعاون سے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جہاں پہلے روز تین سو سے زائد روزہ داروں کو افطار کروایا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر ، ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی اور صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب محمد عاصم صدیق نے افطار دسترخوان کا افتتاح کیا اور انہوں نے بھی شہریوں کے ساتھ سبزہ زار گرائونڈ میں بیٹھ کر افطار کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے آس پاس موجود ضرورت مندوں کا خیال رکھیں۔ خواجہ فرید یونیورسٹی کی انتظامیہ نے گذشتہ برس ماہ مقدس میں افطار دسترخوان لگانے کا سلسلہ شروع کیا تھا تاکہ روزہ داروں کو باوقار انداز میں افطار کروایا جا سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ یہ معاشرے کے متمول اور صاحب حیثیت طبقے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود ایسے افراد کا خاص طور پر خیال رکھے جو ضرورت مند ہیں مگر کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ انہوں نے کہا ماہ مقدس اللہ پاک کی رحمتیں سمیٹنے کا ایک بابرکت موقع ہے ہمیں چاہیئے کہ نماز روزہ کے ساتھ ضرورت مندوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنے رب کو راضی کر لیں۔ وائس چانسلر نے کہا رمضان کے روزے مسلمانوں پر فرض کئے گئے ہیں، اس مہینے میں ایک نیکی کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے اس لئے اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ نیکی کے کاموں میں حصہ لیں۔ ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ اس مہینے کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کے مطابق گزارنا چاہئے۔ ضرورت مندوں کا خیال رکھنا چاہیئے۔ زکوۃ کی بروقت ادائیگی یقینی بنانی چاہئیے۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر پریس کلب عاصم صدیق نے کہا مخلوق خدا کو فائدہ پہنچانے والوں کو بہترین لوگ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک خوشحال اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد اسلم خان ، ڈاکٹر ماجد رشید ، ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر بلال طاہر اور دیگر صحافتی و سماجی شخصیات کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔