اسلام آباد  (ویب نیوز)

قومی اسمبلی میں ارکان نے مسجد اقصیٰ فلسطین میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ اور معصوم مسلمانوں کا خون بہانے کے ذمہ داران سے متعلق عالمی برادری خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا  ہے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں مختلف امور بشمول عدالتی معاملات اور ججز کے کنڈیکٹ پر اظہار خیال کا سلسلہ جاری رہا ۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی اور بھارتی افواج کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن ناز بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز جارح اسرائیلی افواج نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر تقدس کو پامال کیا معصوم مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا مسجد اقصیٰ کی بیحرمتی کے ذریعے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے چمپئین کہاں ہیں مسلمانوں کے انسانی حقوق کی بات کیوں نہیں ہوتی مسلمانوں کی زندگیوں کا کسی کو خیال نہیں ہے ۔ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔عالمی برادری اپنی خاموشی کو توڑے ۔  جے یو آئی ( ف ) کے رہنما محمود شاہ نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا نوٹس لے مقبوضہ کشمیر میں بھی ماہ مقدس کے دوران بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ عالمی برادری کب اقدامات کرے گی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی افواج کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔