رحیم یار خان (ویب نیوز)
خواجہ فرید یونیورسٹی اور چینی کمپنی نے مختلف پراجیکٹس پر مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈ کے سی ای او اینڈی لیائو نے خواجہ فرید یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ جامعہ آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان کسان ایسوسی ایشن محمود بخاری بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے معزز مہمانوں کو خواجہ فرید یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیوں، قومی و بین الاقوامی رینکنگز میں بہتری اور انفراسٹرکچر سے متعلق پراجیکٹس کی تکمیل پر بریفنگ دی جس پر انہوں نے انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ملاقات میں ایگری کلچر ، لائیو سٹاک کی بہتری کے لیئے ایکسی لینس سنٹر کے قیام اور طلبہ کی تربیت کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی قومی و بین الاقوامی سطح پر انڈسٹری اکیڈیمیا لنکج کے فروغ کے لیئے کوشاں ہے۔ اس حوالے سے امریکا، یورپ اور چین کی کئی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز کیئے گئے ہیں جن سے طلبہ و طالبات مستفید ہورہے ہیں ۔بعد ازاں معزز مہمانوں کو ٹیچنگ بلاک، سمارٹ کلاس رومز، سپورٹس کمپلیکس، کمیونٹی سنٹر سمیت جامعہ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر ایگری کلچر انجینئرنگ کے سربراہ ڈاکٹر یاسر نیاز اور دیگر بھی موجود تھے۔