ریاض  (ویب نیوز)

سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے حادثے میں متعدد اونٹ ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے قریبی علاقے میں ایک ٹرالر آسمانی بجلی گرنے کے بعد اونٹوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں سات اونٹ ہلاک ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں تباہ ہونے والے ٹرالر اور مرنے والے اونٹوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثے کے وقت علاقے میں آندھی چل رہی تھی اور شدید بارش ہو رہی تھی۔سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو طوفانی بارشوں کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ شہری خاص طورپر دوران سفر احتیاط سے کام لیں۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں درمیانی درجے سے لے کر شدید گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جازان، عسیر، الباحہ ، مکہ مکرمہ کے کچھ علاقوں مدینہ منورہ کے بلند مقامات پر مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔