- دیر بالا میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی، ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق، 2 افراد زخمی ہوگئے
- دریائے پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضا فہ، دیر چترال شاہراہ پر مینہ خوڑ میں پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکال لیا گیا
پشاور (ویب نیوز)
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آگئی جبکہ اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم 22 گھنٹے سے مکمل طور پر بند ہے ،دیر بالا میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے ۔خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، اپر کوہستان کے اوچھار نالے میں طغیانی کے باعث شاہراہِ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیوں میں سوار غیر ملکی سیاح سمیت عید الفطر کی چھٹیاں منانے والے مسافر بھی پھنس کر رہ گئے ۔انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک روڈ بحالی کے اقدامات نہیں کیے جاسکے ہیں ، دوسری جانب مسافروں نے فوری عارضی پل تعمیر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔بارش کے بعد سوات میں درال خوڑ اور دریا میں طغیانی سے بحرین پل زیر آب آنے سے بحرین اور کالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، دریائے پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث دیر چترال شاہراہ پر مینہ خوڑ میں پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکال لیا گیا۔دیر بالا میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔اس کے علاوہ وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے سے دریائے کنہار کے بہامیں اضافہ ہوا ہے ، محکمہ موسمیات نے صوبے بھر میں اگلے 24 گھنٹے تک بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نہ صرف گرمی کا زور ٹوٹ گیا بلکہ موسم بھی خوشگوار ہوگیا ہے ۔