کوئٹہ / لاہور (ویب نیوز)

  • بلوچستان،بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی، سندھ سے ملانے والی اہم قومی شاہراہیں بند
  • بولان کے علاقے پنجرہ پل کا متبادل راستہ بہہ جانے سے ٹریفک معطل،کوئٹہ سبی شاہراہ ٹریفک کیلئے بلاک

بلوچستان طاقتور موسمی سسٹم کی لپیٹ میں آگیا ہے، زیارت، چمن،سبی ،جھل مگسی، پشین، مستونگ، دکی،بارکھان،لورالائی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، لسبیلہ، آواران اور نصیرآباد میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے بعد بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دونوں اہم قومی شاہراہیں بند ہوگئیں۔بولان کے علاقے پنجرہ پل کا متبادل راستہ بہہ جانے سے ٹریفک معطل، لسبیلہ کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، کراچی جانے والی ٹریفک کا متبادل راستہ بھی متاثر جبکہ کوئٹہ سبی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق بلوچستان کے پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کیچ، تربت، مند اور بلو سمیت کئی علاقوں میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پانی کا بہائوزیادہ ہونے کی وجہ سے حب ندی کے متبادل راستے کو نقصان پہنچنے سے آمدورفت بند ہوگئی ، ٹریفک پولیس نے عوام کو کراچی سے کوئٹہ آمدورفت کیلئے حب بائی پاس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ کوہ سلیمان اور کھیرتھر رینج میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے جس کے بلوچستان سندھ اور جنوبی پنجاب بارڈر پر زیادہ اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔

  • پنجاب کے دیگر مختلف اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش
  • لاہورمیں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا

پنجاب کے دیگر مختلف اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کاسلسلہ جاری رہا،لاہورمیں صبح سویرے  بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز ہوائوں اور بارش کا امکان ظاہرکیا ہے۔ پنجاب کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور کے مال روڈ،لکشمی چوک،پانی والا تالاب،جیل روڈ کے اطراف بارش ہوئی۔ درجہ حرارت کم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کے مارے افراد نے سکھ کا سانس لیا،پنجاب کے دیگر مختلف اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کاسلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مزید 3 سے 4 روز تک بارش، بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔