ابوظہبی (ویب نیوز)

جنگ زدہ سوڈان میں پھنسے افراد کو لیکر ایک طیارہ ابوظہبی پہنچ گیا ہے جن میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں، شہریوں کا انخلا متحدہ عرب امارات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی ہوائی اڈے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان سے پاکستان کے لئے ہر پاکستانی کا محفوظ انخلا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دونوں شہریوں کو نکالنے پر متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں، یو اے ای میں پاکستانی مشن نے یہاں پہنچنے والے پاکستانیوں کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ ایک پاکستانی پاکستان روانہ ہوگیا جبکہ دوسرا پاکستانی امارات کا ویزہ ہولڈرہے وہ وہاں موجود ہے۔ یہ افراد پورٹ سوڈان سے ابوظہبی کے لئے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی پہنچے تھے۔