اسلام آباد  (ویب نیوز)

  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلیکس ایپ کا افتتاح کر دیا ۔سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان ، ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئر عون ساہی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔افتتاحی تقریب میں میڈیا انڈسٹری سے منسلک خالد عباس ڈار، جاوید شیخ اور بشریٰ انصاری بھی موجود تھیں ۔وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس اپیلیکیشن کا مقصد پی ٹی وی کے سنہری دور کو زندہ رکھنا ہے ۔ایم ڈی پی ٹی وی نے کہا کہ اس اپیلی کیشن کیلئے بہت محنت کی گئی ،پی ٹی وی فلیکس ایپ میں مختلف ڈراموں اور پروگراموں کا آرکائیو مرتب کیا گیا ہے جس میں ڈرامے، ٹیلی فلمز، پی ٹی وی کے ایوارڈ شوز، موسیقی، مذہبی اور تفریحی پروگرامز اور بچوں کے پروگرامز شامل ہیں۔پی ٹی وی فلیکس ایپ کی افتتاحی تقریب میں پی ٹی وی سے طویل عرصے تک وابستہ رہنے والے نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ ایپ کا مقصد ناظرین کی پی ٹی وی کے لازوال ڈراموں اور پروگرامز سے متعلق یادیں تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان بڑے پراجیکٹس کو محفوظ کرنا بھی ہے۔اس ایپ میں ففٹی ففٹی، الف نون، آنگن ٹیڑھا، خواجہ اینڈ سنز اور برگر فیملی جیسے کامیڈی شوز اور ڈرامے شامل ہیں۔بچوں کا مشہور ڈرامہ عینک والا جن اس وقت بھی اس ایپ پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں سے ایک ہے۔افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے نامور فنکاروں، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور خالد عباس ڈار نے پی ٹی وی کی اس کاوش کو خوب سراہا۔پی ٹی وی فلیکس ایپ میں مختلف ڈراموں اور پروگراموں کا آرکائیو مرتب کیا گیا ہے جس میں ٹیلی فلمز، پی ٹی وی کے ایوارڈ شوز، موسیقی، مذہبی اور تفریحی پروگرامز اور بچوں کے پروگرامز شامل ہیں۔پی ٹی وی فلیکس ایپ کو اینڈراڈ صارفین پلے سٹور سے جبکہ آئی فون صارفین ایپ سٹور سے ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں ۔