اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے سبزی منڈی اسلام آباد کا دورہ کیا اور مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی، وائس چیئرمین صفدر صدیق، ممبر طاہر ایوب اور کمیٹی کے دیگر اراکین سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد کی فروٹ و سبزی منڈی ایک اہم جگہ پر واقع ہو جو جڑواں شہروں، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں کو سبزیاں اور فروٹ سپلائی کرتی ہے لہذا اس منڈی کو جدید خطوط پر ترقی دے کر پاکستان کی برآمدات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ر ڈیپلومیٹک ایریا میں ایک مینگو فیسٹیول منعقد کرنا چاہتا ہے تا کہ پاکستان کے آم اور دیگر زرعی اشیاء کی غیر ملکی سفراء کے سامنے نمائش کر کے ان کی برآمدات کے امکانات کو بہتر کیا جائے لہذا انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان فروٹ و سبزی سمیت سالانہ تقریبا 5ارب ڈالر سے زائد کی زرعی اجناس درآمد کرتا ہے جبکہ زراعت کو بہتر ترقی دے کر اور فروٹ و سبزی منڈی کو جدید بنیادوں پراستوار کر کے پاکستان زرعی شعبے کی برآمدات کو 10ارب ڈالر سالانہ سے زائد کرسکتا ہے جس سے معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے چیئرمین ساجد عباسی کو چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تا کہ مارکیٹ کمیٹی سے متعلقہ تاجروں کے اہم مسائل پر بات چیت کر کے ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی نے اس موقع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عوامی نمائندے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کو عوام کے بہترین مفاد میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو فروٹ و سبزی اور دیگر اجناس مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہریوں کی سہولت کیلئے آئی سی سی آئی کے صدر کے ساتھ مل کر ہر مارکیٹ کے اندر فلاور مارکیٹ کی طرز پر فروٹ، سبزی اور گوشت کی دکانوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کریں گے جو اسی مارکیٹ میں یہی کاروبار کرنے والے افراد کو انتہائی کم کرائے پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں کے اہم معاملات پر چیمبر کو اعتماد میں لے کر فیصلے کریں گے تا کہ افہام و تفہیم سے معاملات بہتر کئے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ چیمبر کی مشاورت سے اسلام آباد کی ہول سیل فروٹ و سبزی منڈی کے مسائل حل کریں گے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر کے ساتھ مل کر شہریوں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔
چیمبر کے نائب صدر نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ ساجد عباسی ایک عوامی آدمی ہیں اور امید ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی تاجروں کے اہم معاملات پر چیمبر کو ساتھ لے کر چلے تا کہ مل جل کر مسائل کئے جائیں اور شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔
چیمبر کے سابق صدر اوریو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی ، راجہ محمد امتیاز، اختر حسین، خالد چوہدری، جمشید اختر شیخ، محمد نوید ملک، بابر چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔