مظفرآباد (ویب نیوز)
بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید کی زیر صدارت ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مظفر آبادکے برانچ منیجرز اور ریجنل کنٹرولرمیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔صدر نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے عرصہ میں بینک کے آپریٹنگ منافع میں 617فیصد، اثاثہ جات میں 109فیصد اور ڈیپازٹس میں تقریباً80فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران نہ صرف بزنس اہداف عبور کئے گئے بلکہ بینک نے سرکار کو 50کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا اور ریاست کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا ادارہ بن گیا۔اس موقع پر ڈویژنل ہیڈز کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔صدر بینک نے کہا کہ ادارہ ریاست کی سماجی و معاشی ترقی میں نمایا اور منفرد کردار ادا کر رہا ہے۔برانچوں میں معزز صارفین کا پرتپاک استقبال اور خیر مقدم یقینی بنادیا گیاہے۔صارفین کا بینک پر اعتبار و اعتماد بڑھ چکا ہے۔ ریا(RIA)،منی گرام(Money Gram)اور ویسٹرن یونین(Western Union)کے ساتھ معاہدوں کے بعد ترسیلات بڑھ کر 5.55ارب روپے کی بلند ترین سطح عبور کر گئے۔قرضہ جات کی ڈیڑھ درجن سے زیادہ پر کشش اور شاندار سکیموں کے تحت انتہائی آسان شرائط، مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ پر صارفین کو تیز ترین پراسیسنگ سے قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بزنس پالیسی میں مثبت تبدیلیوں کے بعد منافع، ڈیپازٹس، اثاثہ جات، ترسیلات زر سمیت تمام بزنس اہداف عبور کرنا مزید آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز، تاجر برادری سمیت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات اور نجی سیکٹرکے اعتماد و تعاون کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں سینئر منیجمنٹ کی نمائیندگی کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈ جناب زمرد حسین نے کہا کہ صدر بینک کی ولولہ انگیز قیادت اور ان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ادارہ ریکارڈ بزنس نتائج حاصل کر رہا ہے۔تقریب میں ڈویژنل ہیڈ جناب تاشفین گیلانی نے شاندار بزنس نتائج کا ایک جائزہ پیش کیا۔ شرکاء نے تالیوں کی گونج میں صدر /سی ای او جناب خاور سعید کی لیڈرشپ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ اور سوینئرز پیش کیں۔