ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کیلئے مفت ویکسین کی فراہمی،تمام وسائل برؤئے کار لائینگے:پرنسپل پی جی ایم آئی
لاہور (ویب نیوز)
جنرل ہسپتال لاہور میں مریضوں کے لئے علاج معالجے کی سہولیات میں مزید بہتری لانے اور اضافے کی غرض سے 40بستروں پر مشتمل گیسٹرو انٹرنالوجی کا الگ وارڈ قائم کر دیا ہے جس سے ہسپتال آنے والے جگر ، معدہ ، اور انتڑیوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی جبکہ یہ وارڈ پروفیسر محمد عاکف دلشاد کی نگرانی میں کام کرے گا ۔یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم ، ڈاکٹر شفقت رسول ، ڈاکٹر غیاث الحسن ، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر ڈاکٹرز موجو د تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس، گیسٹرو کلینک آؤٹ ڈور میں مریضوں کا روزانہ چیک اپ ہوگا اوربیماری کی نوعیت کو مد نظر رکھتے ہوئے طبی ماہرین مریضوں کا علاج کریں گے جو متاثرہ مریضوں کے لئے بڑا ریلیف ثابت ہوگاجس سے اس شعبے میں آنے والے مریضوں کی بڑی تعداد استفادہ کرے گی ۔ صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ گیسٹرو انٹرنالوجی کے الگ وارڈ کے قیام کا مقصد میڈیکل وارڈ سے مریضوں کا رش کم کرنا ہے جبکہ اس نئے وارڈ کے قیام سے مریضوں کو کوالٹی ہیلتھ کئیر کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین مریضوں کو مفت لگائی جاتی ہے ۔علاوہ ازیں جنرل ہسپتال پنجاب کا واحد ہسپتال ہے جہاں” فیبرو سکین "کی سہولت بھی بلا معاوضہ دستیاب ہے اور اس جدید ترین تشخیصی سہولت سے مریض کے جگر کا معائنہ کیا جاتا ہے تا کہ اس امر کا تعین کیا جا سکے کہ مریض کا جگر یرکان کی بیماری سے کس حد تک متاثر ہو اہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں ہیپاٹائٹس اور جگر کے دیگر امراض کی تشخیص کیلئے عالمی معیار کا شعبہ قائم ہے جہاں اینڈو سکوپی ، ای آر سی پی ، کلونوسکوپی اور ای یو ایس ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہوتے ہیں ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ ایل جی ایچ میں آنے والے مریضوں کو جدید ترین تسلی بخش سہولیات فراہم کی جائیں جس کے لئے انتظامیہ دن رات کوشاں ہے اور ایل جی ایچ کو مثالی شفاخانہ بنانے کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی/اے ایم سی نے معالجین پر بھی زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ان میں بیماریوں سے محفوظ رہنے اور امراض کی روک تھام کے لئے شعور اجاگر کریں تاکہ لوگ خود کو بیمار پڑنے سے بچا سکیں جس سے وقت اور سرمایہ کی بھی بچت ہو گی۔