لاہور/ کوئٹہ (ویب نیوز)
- سیالکوٹ نارووال اورراولپنڈی کے نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں7 اگست تک موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کردی۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں ہوں گی جس کے باعث سیالکوٹ نارووال اورراولپنڈی کے نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریائوں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے۔
- بلوچستان، بارشوں کے باعث حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 16ہوگئی
- جاں بحق ہونے والوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں،رپورٹ
بلوچستان میں بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 16ہوگئی ۔بلوچستان میں پچھلے ایک ماہ کے دوران مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق لورالائی میں3 ،پنجگور، ژوب اور نصیر آباد میں 2 ،2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ آواران، قلعہ سیف اللہ، خضدار، ڈیرہ بگٹی، پشین، کیچ اور جھل مگسی میں بارشوں کے باعث ایک ایک ہلاکت ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں سے صوبے میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے صوبے میں 1330مکانات مکمل اور 579 جزوی طور پر تباہ ہوئے، 628 مویشی ہلاک ہوئے اور 486 ایکٹر فصلیں متاثر ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں 24 کلو میٹر روڈ بہہ گئے جبکہ 320 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا اور سب سے زیادہ 1007مکانات خاران میں سیلابی ریلے کی نذر ہوئے۔