ظلم و بربریت کی تاریک رات جلد ختم ہونے کو ہے،  کورکمیٹی پی ٹی آئی

 اصل جمہوریت کے ہدف تک کسی صورت پسپائی اختیار نہ کی جائے گی

مریم نواز کی سرکردگی میں چیف جسٹس سمیت ساتھی ججز کیخلاف شرانگیز پراپیگنڈہ مہم شروع کی گئی ہے

دھونس اور غنڈہ گردی کے ذریعے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی شرمناک کوشش  کی جارہی ہے پی ٹی آئی

اسلام آباد (ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے قراردیا ہے کہ  اٹک جیل میں پارٹی چیئرمین عمران خان کو قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے قیدِ تنہائی میں رکھا جارہا ہے جس کی  شدید مذمت کرتے ہیں ۔ قانون کے مطابق  عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولیات کی بدستور عدم دستیابی بھی ظلم و سفاکیت قرار دیتے ہوئے   سپریم کورٹ میں اس کی  سماعت اور عدالتِ عظمی کی آبزرویشنز خوش آئند قرار  دیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے مطابق مریم نواز کی سرکردگی میں چیف جسٹس آف پاکستان سمیت ساتھی ججز کیخلاف شرانگیز پراپیگنڈہ مہم شروع کی گئی ہے دھونس اور غنڈہ گردی کے ذریعے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی شرمناک کوشش  کی جارہی ہے  ۔پاکستان تحریک انصاف  نے  نوے روز کی آئینی مدت کے اندر انتخابات کے انعقاد کا بھی پرزور مطالبہ  کرتے ہوئے صدرِمملکت کی بذریعہ خط چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی دعوت خوش آئند قرار دی گئی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر پر آئین کی حدود سے تجاوز کی روش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ  انتخابات کے 90 روز کی دستوری مدت میں انعقاد کیلئے تیاریاں تیز کرنے کیلئے زور دیا گیا ۔ اجلاس میں بدترین معاشی تباہی اور اس سے نہایت تیزی سے پھیلتی غربت کا بھی مفصل جائزہ بجلی، گیس اور خوراک سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ پر عوام کی تیزی سے ختم ہوتی دسترس پر حکومتی بیعملی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ کور کمیٹی کی جانب سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی کے اغوا کی بھی شدید مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ۔اجلاس میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان میں حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت کے حصول کے ہدف سے کسی صورت پسپائی اختیار نہ کی جائے گی ۔ تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود چیئرمین عمران خان کی بلند پایہ، باہمت اور اولوالعزم قیادت میں حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت کی تحریک آگے بڑھانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔بدترین جبر اور وحشت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کیطرح کھڑے ہونے اور قید و بند، انتقام و تضحیک اور ظلم و تشدد کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے پر خصوصا دلیر خواتین کارکنان کو زبردست خراج تحسین  پیش کیا گیا ۔  یہ بھی کیا گیا ہے کہ عمران خان کے بلند حوصلوں کو توڑنے کیلئے جیل میں ظلم و ستم کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے،  اللہ کی مدد اور نصرت سے چیئرمین تحریک انصاف کے حوصلے نہایت بلند ہیں اور وہ حقیقی آزادی و اصلی جمہوریت کے ہدف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں،  ظلم و بربریت کی تاریک رات جلد ختم ہونے کو ہے، پاکستان عمران خان کی قیادت میں اپنی اصل راہ پر گامزن ہوگا، مکمل اتحاد، یگانگت اور یکسوئی سے عمران خان کی قیادت میں اپنی تحریک آگے بڑھائیں گے اور ملک کو قائد و اقبال کے پاکستان کی صورت میں ڈھالیں گے