سائفرکیس ، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کونوٹس جاری

دونوں ملزمان کو4اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت

پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے سائفرکیس کی نقول فراہم کرنے کی دائر درخواست منظور 

اسلام آباد (ویب  نیوز)

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے ملزمان کے باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کردیا اور چیئرمین پی ٹی آئی اور  تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کونوٹس جاری کردیئے۔سائفر کیس کا چالان جمع ہونے کے بعد ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کردیا ہے۔جسٹس ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ گواہان کے بیانات ملزمان کو نوٹس جاری کرنے کیلئے کافی ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی  اڈیالہ جیل میں قید ہیں،سپرنٹنڈٹ اڈیالہ جیل چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 4اکتوبر کو عدالت پیش کریں ۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 4 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں اور دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف کی جانب سے دائر سائفرکیس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست دی گئی جو منظور کر لی گئی ۔عدالتی عملے نے وکیل کو بتایا کہ سائفر کیس کی نقول فراہم کرنے کے لیے ایک دن درکار ہو گا، چالان کی نقول پرسوں فراہم کر دی جائیں گی۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر گمشدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں۔ 30 ستمبر کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے کیس سے متعلق چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں جمع کرایا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی قصوروار قرار دیا گیا ہے۔