سائفرکیس، سابق چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود پر فرد جرم کیلئے 12 دسمبر کی تاریخ مقرر

ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم ، سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو سائفر کیس میں قصوروار قرار دیا گیا

جیل ٹرائل کیلئے جاری نوٹیفکیشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے ، جب تک نیا نوٹیفکیشن نہیں ہوتا کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی، وکلا کا اعتراض

ہائی کورٹ کا جج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن درست قرار دے چکا ہے ، عدالت عالیہ کی ڈائریکشن ہے ایک ماہ میں ٹرائل مکمل کرنا ہے، جج ابوالحسنات ذوالقرنین

راولپنڈی( ویب  نیوز)

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فردجرم عائد کرنے کیلئے 12 دسمبرکی تاریخ مقرر کر دی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ پی ٹی آئی وکلا بابر اعوان اور شیراز رانجھا جبکہ کیس کے پراسیکیوٹر سید ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وکیل کے تاخیر سے آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ ڈیڑھ گھنٹے سے میں انتظار کر رہا ہوں،وکیل پہنچے نہیں جس پر وکیل نے جواب دیا کہ فوگ کی وجہ سے عدالت تاخیر سے پہنچا۔شاہ محمود قریشی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ آئندہ سماعت نو بجے شروع کریں جس پر جج کا کہنا تھا کہ آپ اپنے وکلا کو کہیں جلدی آئیں تو سماعت جلدی شروع ہوجائے گی۔دوران سماعت وکلا کی جانب سے عدالتی سماعت پر اعتراض بھی کیا گیا اور موقف اختیار کیا گیا کہ جیل ٹرائل کیلئے جاری نوٹیفکیشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے ، جب تک نیا نوٹیفکیشن نہیں ہوتا کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔تاہم ، جج نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کا ڈویژنل بینچ جج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن درست قرار دے چکا ہے ، آپ کے جو دلائل ہیں وہ ہم اپنے آرڈر میں لکھ دیتے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کی ڈائریکشن ہے ایک ماہ میں ٹرائل مکمل کرنا ہے۔عدالت کی جانب سے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دی گئیں، آئندہ تاریخ پر فرد جرم عائد کی جائے گی، فرد جرم نئی تحریر ہوگی، نقول میں سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو سائفر کیس میں قصوروار قرار دیا گیا۔بعدازاں عدالت کی جانب سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔