خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی موجودگی اطلاع پر آپریشن،تین دہشت گرد ہلاک
فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی شہید
دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز)
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت4 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا۔دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔۔