غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں،اسرائیلی وزیر

 غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر وہاں اسرائیلیوں کو آباد کرنا چاہیے، فلسطینیوں کو صحرا سینا یا آئرلینڈ بھیج دیا جائے،امیچائی ایلی یاہو

انتہاپسند وزیر کے بیان سے اسرائیلی حکومت اور اپوزیشن بھی پریشان،کابینہ اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 60 یرغمالی بھی لاپتہ ہو گئے،حماس

 23 کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں،اسرائیل کبھی بھی  یرغمالیوں کی لاشوں تک نہیں پہنچ سکے گا ،ترجمان ابوعبیدہ

مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)انتہا پسند اسرائیلی وزیر امیچائی ایلی یاہونے کہا ہے کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں۔ انتہا پسند اسرائیلی وزیر نے ایک انٹرویو میںکہا کہ غزہ پر ایٹم بم گرانے پر غور کیا جاسکتا ہے اور غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر وہاں اسرائیلیوں کو آباد کرنا چاہیے۔اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو صحرا سینا یا آئرلینڈ بھیج دیا جائے اور فلسطین کا پرچم اٹھانے والوں کا اس زمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انتہا پسند اسرائیلی وزیر کے اس بیان سے اسرائیلی حکومت اور اپوزیشن بھی پریشان ہو گئے ہیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے وزیر کو کابینہ اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا اور ایٹم بم کے استعمال کے بیان کو حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔تنقید کے بعد جنونی وزیر بھی بیان سے پھر گیا اور کہا کہ اس نے بطور استعارہ یہ بات کہی تھی۔اسرائیلی وزیر نے حماس کے خلاف ہر ممکن طاقت کے استعمال پر زور دیا ہے۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 60 یرغمالی بھی لاپتہ ہو گئے ہیں۔حماس کے عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے 60 لاپتا اسرائیلی یرغمالیوں میں سے 23 کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی شدید بمباری اور جارحیت کی وجہ سے وہ کبھی بھی یرغمالیوں کی لاشوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

مقبوضہ بیت المقدس ..اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں زمینی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک ڈھائی ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزہ پٹی میں براہ راست لڑائی جاری ہے۔بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے فوجی کمپائونڈ کو نشانہ بنایا گیا۔ ۔اسرائیلی فوج نے کہاکہ شمالی غزہ کے رہائشیوں کو جنوب کی طرف جانے کے لئے مختصر وقت دیں گے۔