سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی( کل ) 28نومبر کو عدالت پیش ہونگے، سکیورٹی پلان آج (پیر کو) فائنل کیا جائیگا
منگل کو ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کئے جانے ، فیض آباد، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے پر دستوں کی تعیناتی کا امکان
اسلام آباد ( ویب نیوز)
سائفرکیس میںچیئرمین پی ٹی آئی( کل ) 28نومبر کو عدالت پیش ہونگے، سکیورٹی پلان آج (پیر کو) فائنل کیا جائیگا۔نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کیس کی سماعت کے لئے منگل 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا، سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے آج( پیر کو) اجلاس کریں گے۔قبل ازیں خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 28نومبر کے لئے طلبی کے سمن جاری کئے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس تک لے جانے کے لئے ترجیحی انتخاب پشاور روڈ ہو گا۔ منگل کو ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کئے جانے جبکہ فیض آباد، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے پر دستوں کی تعیناتی کا امکان ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس کو پولیس اور نیم فوجی دستے گھیرے میں لیں گے، علاوہ ازیں جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے والے پوائنٹس اور سڑکوں کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔
القادر ٹرسٹ پراپرٹی کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں عمر ندیم اور وقاص شامل تھے، نیب کی پہلی ٹیم تین گھنٹے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہوئی، نیب ٹیم پی ٹی آئی چیئرمین سے 15 نومبر سے مسلسل تفتیش کر رہی ہے۔
نیب کی دوسری ٹیم نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے تفتیش کی اور تفتیش کے بعد جیل سے چلی گئی۔