190ملین پائونڈ سکینڈل ،چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر،فریقین کو نوٹس جاری
درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ، سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے
190ملین پائونڈسکینڈل کے فیصلے تک چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے،درخواست میں استدعا
اسلام آباد (ویب نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نے 190ملین پائونڈ سکینڈل میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کردی اور احتساب عدالت نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کردیئے ۔190 ملین پانڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 190 ملین پائونڈسکینڈل کے فیصلے تک عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔جج محمد بشیر نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے، اور سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کی جانب سے نوٹسز جاری کئے جانے کے بعد نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت ہی میں نوٹس وصول کرلیا۔