الیکشن 2024،قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 92، ن لیگ 79، پی پی 54 نشستوں پر کامیاب

الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے تمام 266 حلقوں میں سے 264کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے

اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے تمام 266 حلقوں میں سے 264کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، این اے 88 خوشاب کا نتیجہ روک لیا گیا جبکہ این اے 8 باجوڑ میں پولنگ ملتوی کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سمیت آزاد امیدواروں کی مجموعی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن اب تک 75 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے تاہم 4 آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جس کے ساتھ ن لیگ کی تعداد79ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار 54 ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم 17، جے یو آئی 4، پاکستان مسلم لیگ ق 3 جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی 2، 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکیں۔ نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیا اور ایم ڈبلیو ایم ایک ایک نشست جیت سکی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ای ایم ایس سسٹم پر موصول ہونے والے عام انتخابات 2024 کے حتمی و سرکاری نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 92 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔