اسرائیلی فوج کی طولکرم اورفح میں وحشیانہ کارروائیاں ، مزید8 فلسطینی شہید،3 زخمی
اسرائیلی فورسز نے طولکرم کے قریب ایک قصبے میں رات کو کارروائی کے دوران 5 فلسطینیوں کو شہید کردیا
غزہ شہر میں اسرائیلی بمباری میں ماں 2 بچوں سمیت شہید ہو گئی، لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیل کے متعدد حملے
شمالی اسرائیل میں لبنان سے میزائل حملوں کا خطرہ ہے، سرحدی علاقوں میں شہریوں کو الرٹ کرنے کے سائرن بجائے گئے
مغربی کنارے کے شہر نابلس میں فلسطینیوں سے جھڑپیں ، اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی
جنگ بندی اسی صورت میں ہوگی جب رفح سمیت غزہ میں کہیں بھی مزید اسرائیلی حملے نہیں ہوں گے، ترجمان اسامہ حمدان
غزہ ( ویب نیوز)
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں ، طولکرم میں مزید5 فلسطینی شہید کردئیے، رفح میں ماں دو بچوں سمیت شہید جبکہ3 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے قریب ایک قصبے میں رات کو کارروائی کے دوران 5 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔وزارت صحت نے کہا کہ صہیونی فوج کے دیر الغصون میں چھاپے کے دوران شہیدہونے والوں میں سے چار کی شناخت کر لی گئی ہے، اسرائیلی فورسز نے شہید ہونے والوں میں سے کچھ کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں پولیس کے خصوصی یونٹ کا ایک رکن زخمی ہوا اور اسے ہسپتال لے جایا گیا۔غزہ شہر میں اسرائیلی بمباری میں ماں 2 بچوں سمیت شہید ہو گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق جنوبی رفح میں اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے، جس کے بعد شمالی اسرائیل کے شہروں میں لبنان سے میزائل حملوں کا خطرہ ہے۔ اسرائیل کے سرحدی شہروں میں شہریوں کو الرٹ کرنے کے سائرن بجائے گئے۔ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ طولکرم میں اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائی مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان ان جھڑپوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو دو سال سے جاری ہیں، ان جھڑپوں میں سات اکتوبر 2023 کے بعد مزید تیزی آگئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے کم از کم 460 فلسطینیوں کو قتل کردیا ہے، سات اکتوبر سے اسرائیلی کی بربریت میں غزہ کی پٹی میں مجموعی طور پر34654 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ کی پٹی میں مرنے والوں میں 10 ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔
امریکا رفح پر اسرائیلی حملہ نہ ہونے کی ضمانت دے، حماس
غزہ…فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہاہے کہ انہیں رفح پر اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے امریکا کی ضمانت درکار ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے سینئر ترجمان اسامہ حمدان نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے کسی معاہدے پر رضامند ہونے کے لیے ان کی تنظیم کو امریکا کی طرف سے اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ اسرائیلی افواج رفح پر زمینی حملہ نہیں کریں گی۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم ابھی بھی مکمل جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیل کے مکمل انخلا کے مسائل پر بات کررہے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہمارے خلاف بیان دے رہے ہیں۔ حماس ترجمان نے کہا کہ بدقسمتی سے نیتن یاہو نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے باوجود بھی رفح میں حملے جاری رکھیں گے جس کا مطلب ہے کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی اسی صورت میں ہوگی کہ جب رفح سمیت غزہ میں کہیں بھی مزید اسرائیلی حملے نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں اور جنگی جرائم کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں جس میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔