نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی
ونٹر پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی مستفید ہونگے،اضافی یونٹ کی قیمت26 روپے 7 پیسے ہوگی،اعلامیہ
ونٹر پیکیج کی میعاد 3ماہ(دسمبر تا فروری)تک ہوگی ،نوٹیفکیشن سے قبل ونٹر پیکیج کے فیصلے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا
اسلام آباد (ویب نیوز )
نیپرانے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی۔ نیپراکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ونٹر پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی مستفید ہوں گے، وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی۔ نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔اسی طرح صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ونٹر پیکیج کی معیاد 3 ماہ(دسمبر تا فروری)تک ہوگی اور نوٹیفکیشن جاری کرنے سے قبل ونٹر پیکیج کے فیصلے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔نیپرا کے مطابق سی پی پی اے جی نے ایک روپے ایک پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی، نیپرا نے درخواست پر 26 نومبر کو عوامی سماعت کی۔ اعلامیہ کے مطابق کمی کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائیلائف لائن، پری پیڈصارف، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنزپر ہوگا جبکہ کے الیکٹرک صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا۔