وزارت ریلوے میں رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت 17101 پوسٹیں ختم
مستقبل میں مزید 15,000 پوسٹیں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، حکام
اسلام آباد( ویب  نیوز)

وزارت ریلوے میں سے رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت 17 ہزار 101 پوسٹیں ختم کردی گئیں۔پیر کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں رائٹ سائزنگ میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29 وزارتوں اور آئینی ادارے نے 11 ہزار 877  پوسٹوں کی منسوخی کی تصدیق کردی ہے جبکہ 4  ہزار 660 ڈائنگ پوسٹوں کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔وزیر خزانہ نے کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔دوران اجلاس وزارت ریلوے کے حکام نے اپنے رائٹ سائزنگ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور بریفنگ دی کہ وزارت میں موجود 95 ہزار 859 پوسٹوں میں سے 17 ہزار 101  پوسٹیں ختم کی جاچکی ہیں جبکہ مزید 5 ہزار 695 پوسٹوں کے خاتمے کا عمل جاری ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ مستقبل میں مزید 15,000 پوسٹیں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔اجلاس کے دوران پیش کردہ منصوبے میں آپریشنل کارکردگی اور وسائل کو بہتر طور پر استعمال کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا اور پاکستان ریلویز کو جدید بنانے اور اس کے آپریشنز کو موثر اور فعال رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات، علی پرویز ملک، اراکین قومی اسمبلی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔۔