مہاجرین نشستوں کے نتائج : مسلم لیگ (ن) 4، پیپلز پارٹی ایک نشست

مظفر آباد ( بیورو چیف ) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے مہاجرین کی نشستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جاری کردہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے نے 4 پیپلز پارٹی نے ایک نشست جیت لی۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ایل اے 41 ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے 42 ویلی 3 سے سید شوکت علی شاہ نے کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح ایل اے 43 ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار 1,076 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 سے محمد احمد رضا قادری کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے 45 ویلی سے پیپلزپارٹی کے عبدالماجد خان نے فتح اپنے نام کی۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں کے موصولہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے تمام پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ایل اے 28 لچھراٹ کی 3 یوسیز میں ایک بجے تک پولنگ شروع نہ ہو سکی

 آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں حلقہ ایل اے 28 لچھراٹ کی 3 یونین کونسلوں پنجگراں، پنجکوٹ اور نوسیری نوسدہ میں دن ایک بجے تک پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا، جس کے باعث 15 سے 20 ہزار کے قریب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہے۔

‎ذرائع کے مطابق تینوں یونین کونسلوں کیلئے مقررہ پولنگ عملہ انتخابی سامان سمیت رات بھر ہونے والی بارش کے باعث مظفرآباد میں پھنس گیا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر پولنگ سٹیشنز پر نہ پہنچ سکا۔

‎پولنگ شروع نہ ہونے پر سیاسی کارکنوں اور امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے انتظامات پر شدید تنقید کی گئی ہے، حلقہ ایل اے 28 لچھراٹ 10 یونین کونسلوں پر مشتمل ہے۔

ادھر مظفرآباد ڈویژن کے تینوں اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد میں پولنگ کو 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹرن آوٹ بیس سے تیس فیصد رہا ہے، ایل اے 27 کوٹلہ میں پولنگ چار اگست (بروز منگل) کو ہوگی۔

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد شہر کے بیشتر پولنگ سٹیشنز پر مرد ووٹرز کے مقابلے میں خواتین رائے دہند گان کی تعداد زیادہ ہے، مجموعی طور پر مظفرآباد ڈویژن کی 9 میں سے 8 نشستوں پر پولنگ جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

شاہراہِ نیلم پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو حلقوں میں انتخابی عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔

مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز ایل اے 27 کوٹلہ اور ایل اے 28 لچھراٹ کی تین یونین کونسلوں کے سوا باقی 8 اور مہاجرین جموں وکشمیر کے 12 انتخابی حلقوں میں شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ‎پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، دو بجے تک ٹرن آوٹ بیس سے تیس فیصد کے درمیان تھا۔