امریکا میں مواصلاتی نظام کی خرابی، فضائی آپریشن معطل،ملک بھر میں پروازیں منسوخ
نائن الیون اور جنوری 2023 کے بعد تیسری بار ملک گیر فضائی تعطل، جیٹ بلیو کی متعدد پروازیں منسوخ، مزید منسوخیوں کا خدش,
امریکا میں فضائی نظام کی بندش پرانے مواصلاتی آلات کی خرابی کے باعث ہوئی، وزیر ٹرانسپورٹ
فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی جدید کاری کے لیے کانگریس مزید 50 ارب ڈالر فراہم کرے، سیعن ڈفی کا مطالبہ
واشنگٹن (ما نیٹرنگ ڈیسک ) امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں ہوائی اڈوں سے روانہ ہونے والی پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔ امریکی فضائی ضابطہ کار ادارے نے مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 54 منٹ پر ملک گیر سطح پر پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم جاری کیا۔ تاہم سان فرانسسکو اور بوسٹن کے ہوائی اڈوں کے مطابق بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس کے پار جانے والی پروازوں کو روانگی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی نے بتایا کہ تکنیکی ماہرین خرابی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی اور بوسٹن ہوائی اڈوں سے یورپ جانے والی پروازوں کے علاوہ شام کی باقی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق کل بھی مزید پروازیں منسوخ ہونے کا خدشہ ہے، تاہم جو پروازیں پہلے ہی فضا میں موجود ہیں وہ اپنی منزلوں کی جانب سفر جاری رکھیں گی۔ امریکا میں جنوری 2023 کے بعد پہلی مرتبہ ملک گیر سطح پر پروازوں کی روانگی روکنے کا اقدام کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنوری 2023 میں امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی کے ایک اہم کمپیوٹر نظام میں خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا تھا، جبکہ اس سے پہلے 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد ملک بھر میں پروازیں روک دی گئی تھیں۔
واشنگٹن(ما نیٹرنگ ڈیسک )
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی معطل ہونے کا ذمہ دار فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام کو قرار دیتے ہوئے کانگریس سے نظام کی جدید کاری کے لیے مزید فنڈز منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیعن ڈفی نے بتایا کہ پرانے مواصلاتی روٹرز پر ڈیٹا کا دباؤ بڑھ جانے کے باعث نظام میں بے ضابطگیاں پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی نے احتیاطی تدبیر کے طور پر پروازوں کی روانگی معطل کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ خرابی نئے آلات میں نہیں بلکہ پرانے ہارڈویئر میں پیدا ہوئی، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دور میں نصب کیے گئے جدید آلات درست کام کر رہے ہیں۔ ڈفی نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی جدید کاری کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری کے طور پر 12 ارب 50 کروڑ ڈالر حاصل کیے ہیں، تاہم یہ رقم پورے نظام کی تبدیلی کے لیے ناکافی ہے۔ صدر نے اس منصوبے کے لیے 30 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے جبکہ ان کے نزدیک کام مکمل کرنے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو باقی وسائل بھی فراہم کرنا ہوں گے۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے ایسے نظام سے زیادہ اہم کیا ہوسکتا ہے جو درست طریقے سے کام کرے؟ انہوں نے نظام میں کئی برسوں سے پیش آنے والی بار بار کی خرابیوں اور اس کی بہتری کے لیے ماضی میں کی جانے والی کوششوں کا بھی حوالہ دیا۔
#/S





