اپوزیشن والے الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوکر آخری پتا کھیلنے جارہے ہیں، سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیےہیں ان کو ہر محاذ پر شکست اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ اب یہ الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوکر آخری پتا کھیلنے جارہے ہیں ۔ ملک لوٹنے والے ایک چھتری تلے جمع ہیں، یہ لوگ جتھے اسلام آباد لاکر اداروںکو دھمکانا چاہتے ہیں ، مخالفین کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔ اسلام آباد میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں ایک چھتری تلے جمع ہیں، عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا یہ سب اکٹھے ہوں گے ۔ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے اوریہ تحریک اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے ہیں ان کو ہر محاذ پر شکست اور رسوائی کے سواکچھ نہیں ملا ۔ اب ان کے پاس آخری پتا رہ گیا ہے جسے استعمال کرنے جارہے ہیں۔ ان کی یہ سوچ ہے کہ اتنا جھوٹ بولوکہ سچ کا گمان ہونے لگے۔ اپوزیشن نے اپنے اپنے ادوار میں اداروں کو مفلوج کیا ۔اب اپوزیشن والے منگل کو احتجاج کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے آرہے ہیں ۔ یہ بھی ان کی ایک بھونڈی کوشش ہے ۔ان کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج صرف دبائو کیلئے ہے ۔ پی ڈی ایم جتھے لاکر اداروں کو دھمکانا چاہتی ہے ۔ پی ٹی آئی نے ملنے والے فارن فنڈز سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرائیں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ جھوٹا اور فریبی کون ہے۔ جبکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں فنڈز سے متعلق آج تک جواب جمع نہیں کراسکیں ۔ الیکشن کمیشن بار بار پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے فنڈز دینے والوں کے شناختی کارڈ اور پتے مانگتا رہا ۔ الیکشن کمیشن ان سے سوال پوچھتا ہے تو لیت و لعل سے کام لیتے ہیں، من پسند فیصلے لینے والی دونوں جماعتوں نے ملک کو جاگیر بنایاہوا تھا۔ ماضی میں ان دونوں جماعتوں نے اداروں میں من پسند لوگ بٹھائے ہوئے تھے ۔ پی ڈی ایم والے جتھوں کے پیچھے چھپنے کی بجائے ممنوعہ فنڈنگ کا حساب دیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ڈی ایم تحریک ناکام ہوچکی ہے کیونکہ عوام کرپٹ اور نااہل لوگوں سے تنگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ براڈشیٹ سے متعلق حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ آئین سیاسی جماعتوں کو اپنے ریکارڈ درست رکھنے کا پابند بناتا ہے۔ اپوزیشن سے جواب مانگا جائے تو کہتے ہیں یہ چور ہیں نیب نوٹس کے بعد مولانا فضل الرحمن نے جتھوں کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہونے کی دھمکی دی ۔ انہوں نے کہاکہ اب ان کو جواب دینا ہوگا ،جبکہ پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس ایک جماعت کے نہیں تمام سیاسی جماعتوں سے متعلق ہے۔ پی ڈی ایم جماعتیں سکروٹنی کمیٹی کے سامنے کوئی بھی ریکارڈنہ رکھ سکیں۔ الیکن کمیشن کے فارم 1 کے مطابق ذرائع آمدن اور اخراجات کی تفصیلات بتانا ضروری ہے۔ پی ڈی ایم جماعتوں کاالیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے این آراو کیلئے مار سیگل اینڈ ایسوسی ایٹ کو 60لاکھ ڈالر دئیے۔