ساہیوال: (ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہو چکے، معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن میری تعریف کرے تو اپنی توہین سمجھوں گا، اپوزیشن کے نامور ڈاکوؤں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہیئے، اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او کیلئے استعمال کیا، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی بحث نہیں ہوسکی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا، مریم نواز نے قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں، ان کے دور میں ہر رہنما نے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے، جب وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کو کون روکے؟۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں، ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے اربوں پتی بنے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاؤنٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔