لاہور (ویب ڈیسک)
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر تمام کھیلوں کے میدان بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بند کردی گئی ہیں، اور ہاکی کیمپ کے کھلاڑیوں کو بھی گھروں کو جانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے تاحکم ثانی کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے بند کرنے کی حد فوری نافذ کر دی گئی ہے، اور 15 مارچ سے شادی ہالز، انڈور ڈائننگ اور سینما گھروں اور زیارتوں کو کھولنے کی اجازت دینے کے پہلے فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریبا ٹھیک ہیں لیکن پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں، سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے، اسلام آباد ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور پشاور میں تعلیمی ادارے 15 مارچ بروز پیر 2 ہفتوں کے لیے بند کردیئے گئے ہیں، تمام تعلیمی ادارے 28 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ جن اداروں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔