آٹھویں سالانہ ٹویوٹا حب ریلی دو دن جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی جس میں شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ریلی ہر سال ٹویوٹا گازو ریسنگ کے زیر اہتمام منعقد کی جاتی ہے۔انڈس موٹر کمپنی نے کمپنی کے ڈیلر ٹویوٹا ہائی وے موٹرز کے اشراک سے حب ریلی کو سپانسر کیا۔حب ریلی میں موٹر سپورٹس کی دنیا کی معروف ترین شخصیات بشمول خواتین ریسر نے شرکت کی اور اپنی ڈرائیونگ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

انڈس موٹر کمپنی کے زیر اہتمام ”فاسٹ فن فسٹ“ ایونٹ کا بھی انعقا د کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس ایونٹ میں گاڑیوں کے شوقین افراد کو ٹویوٹا ہائی لکس ریوو اور فارچیونر کے ساتھ اپنے مہم جوئی کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔ شرکاء کو مقابلہ میں حصہ لینے کا موقع ملا جس میں ٹریک کو کم سے کم وقت میں مکمل کر نا ضروری تھا۔

ریلی کے روٹس کو گڈانی کے ساحل تک توسیع دی گئی تھی جس میں پچاس کلومیٹر ٹریک کو ڈرائیونگ کے شوقین افراد کے لئے انتہائی پرکشش بنایا گیا تھا۔ رواں سال ریس کے فاتح کے لئے20 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا تھا جو سال 2020کے مقابلے میں دوگنا ہے۔

ریلی کے انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے سی ای او آئی ایم سی، علی اصغر جمالی نے کہا”میں سب سے پہلے ریس جتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مقابلے میں حصہ لینے والے ہر شخص نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان میں موٹر سپورٹس کے رجحان اور جوش و جذبہ میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ ٹویوٹا میں اسے’واکو ڈوکی‘ (waku-doki) کے تجربہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ کووڈ۔19کے دوران اس سال لوگوں کی شرکت زیادہ رہی۔ “

انہوں نے مزید کہا” ٹویوٹا گازو ریسنگ سے ٹویوٹا کے اس عزم کی عکاسی ہوتی ہے کہ وہ بہترین سے بہترین کار وں کی تیاری کے لئے ہر حد تک جائے گی۔ مقامی سطح پر تیار کردہ ٹویوٹا کی فور بائی فور گاڑیاں اور ریسنگ ٹریک ہمیشہ سے شائقین کیلے دلچسپی کا مرکز رہی ہیں۔ کئی برسوں سے زیادہ سے زیادہ خواتین ڈرائیور ، سپورٹس سٹا ز اور اہم شخصیات کی شمولیت سے اس ریلی کو پہلے سے کہیں زیادہ پذیرائی ملی۔ یہ بات انتہائی قابل فخر ہے کہ خواتین ریسرز نے بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان میں موٹر سپورٹس کے آغاز سے ریلی کے شوقین افراد میں ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ اس سلسلے میں شجاعت شیروانی، سی ای او ٹویوٹا ہائی وے موٹرز کی سپورٹس کے فروغ کے لئے گرانقدر خدمات ہیں ۔حب ریلی کے حوالے سے ان کے ویژن سے ملک بھر میں سپورٹس کو شہرت حاصل ہو رہی ہے۔انڈس موٹر کمپنی نے حال ہی میں چولستان ریلی کو بھی سپانسر کیا تھا۔